کوئٹہ: کوئٹہ میں برف باری سے چھت گرنے اور سردی سے مزیددو افراد ہلاک، تین زخمی ہوگئے، چار روز کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد20 ہوگئی،برفباری سے متاثرہ کان مہترزئی اورخانوزئی کے علاقوں میں سڑکوں کی بحال کردی گئیں، برف باری میں پھنسے پانچ سوافراد اور 80گاڑیوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کیا گیاہے،متاثرہ علاقوں میں ہیلی کاپٹرزکے زریعے امدادی اشیاء اورخوراک فراہم کی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق منگل کے روز وادی کوئٹہ میں برف باری کے بعد کاروبار اور معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہوگیا وادی میں درجہ حرارت منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا ہے، بستہ موسم میں گھروں میں پانی کے پائپ جم گئے برفباری کے بعد وادی میں دھوپ نکلنے آنے سے مطلع مکمل صاف ہوگیا جبکہ شہرمیں کاروبار اورمعمولات زندگی بحال ہونا شروع ہوگئی۔
منگل کے روز بھی شہری مکانات کی چھتوں سے برف ہٹا تے رہے تاہم شدید سردی کے باعث سڑکوں اورگلیوں میں برف کیڈھیرموجود ہیں شہر میں پڑی برف اور پھسلن کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا شدید سردموسم میں سوئی گیس پریشر میں کمی سے کئی علاقوں میں گیس غائب رہی جس سے علاقہ مکینو ں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
بلوچستان کے ضلع ڑوب میں ایک روز قبل برفباری سے کلی تورہ خولہ میں کمرے کی چھت گرنے سے زخمی ہونے والا بچہ زخموں کی تاپ نہ لاتے ہوئے چل بسا، قلعہ سیف اللہ کی تحصیل مسلم باغ میں برف تلے دب کر جاں بحق ہونے والے ملک رشید نامی شخص کی نعش نکال لی گئی جبکہ تورہ خولہ میں چھت گرنے سے محمد شریف قوم صافی اسکی اہلیہ اور دو بچے خان ولی اور محمد زبیرزخمی ہوگئے۔
ڈائریکٹرجنرل پرونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی عمران زرکون کے مطابق گزشتہ رات گئے مسلم باغ اور کان مہترزئی کے علاقے میں برف باری میں پھنسے ہوئے افراد کو ریسکیو کرنے سے متعلق جاری آپریشن مکمل کرلیاگیاہے،آپریشن میں پی ڈی ایم اے عمران زرکون کے مطابق گزشتہ روز کان مہترزئی اور مسلم باغ کے علاقے میں برف باری کے باعث پھنسے ہوئے 500افراد کو بحفاظت محفوظ مقامات پرمنتقل کیاگیاہے بلکہ پھنسے ہوئے80گاڑیوں کو بھی بحفاظت نکال لیاگیاہے جن افراد کو برف باری سے نکالاگیاہے انہیں کھانے پینے کی اشیاء بھی فراہم کردی گئی ہے۔
واضح رہے کان مہترزئی اورخانوزئی میں برفباری کے باعث شاہراہوں پر گزشتہ روز متعدد گاڑیاں پھنس گئی تھیں،،جنہیں ریسکیو کرنے کیلئے ہیوی مشینری اور ٹریکٹروں کے زریعے برف ہٹانے کا عمل شروع کیا گیا اور متاثرہ علاقوں میں ہیلی کاپٹرزکے زریعے امدادی اشیاء اورخوراک کی فراہمی بھی جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ ڈاکٹر عتیق الرحمن کے مطابق کان مہترزئی میں پھنسے ہوئے سینکڑوں افراد اور گاڑیوں کو نکال کر سرکاری ریسٹ ہاؤسز اور مختلف لوگوں کے گھروں کو منتقل کیاگیا۔
انہوں نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ مسلم باغ شاہراہ پر سفر سے کرنے سے گریز کریں۔ ادھر کوئٹہ چمن شاہراہ کو دونوں جانب کی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔بلوچستان کے ضلع پشین کی تمام رابطہ سڑکیں منگل کے رو ز بحال کردی گئیں ڈپٹی کمشنر پشین قائم لاشاری نے برشور میں برف باری کے دوران بھسنی گاڑیوں کو لیویز اہلکاروں کی مدد سے نکال شہریوں میں اشیاء خوردونوش تقسیم کئے۔
ڑوب ڈویڑن میں بھی سہیل الرحمن بلوچ کی نگرانی میں امدادی کام جاری ہیں سرغنڈ چیجن روڑ میں برف باری میں پھنسے ہوئے مسافر خاندان کو ریکسیکو کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر زیارت قادر بخش پرکانی کے مطابق سنجاوی زیارت کوئٹہ روڈ سے برف ہٹا کر راستہ کھول دیا گیا۔ ادھر بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ دوزان کے قریب بند شاہراہ کو بحال کردیا گیا ہے۔
برف باری سے متاثرہ خانوزئی سپیرہ راغہ این 50 سے لورالائی کراس این 70 تک شاہراہ کو صاف کرکے ٹریفک کیلئے بحال کردیا گیا ہے 92 کلومیٹر کے علاقے میں سینکڑوں لوگوں کو کپڑے، کمبل، ٹینٹ اور کھانے پینے کی اشیاء فراہم کی گئیں۔