ڈھاڈر: ایم پی اے کچھی،پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند نے سول ہسپتال ڈھاڈر میں بچوں کو حفاظتی قطرے پلاکر پانچ روزہ پولیو مہم کا افتتاح کردیا۔
اس موقع پرڈپٹی کمشنر کچھی میر سلطان احمد بگٹی، ڈی ایچ او کچھی ڈاکٹر فیاض احمد مستوئی،ڈبلیو ایچ او کے سرویلنس آفیسر جمیل احمد مستوئی،ڈاکٹر شیر محمد جمالی،صدر ڈھاڈر پریس کلب محمد عارف بنگلزئی،پیرامیڈیکس صدور،ایسوسی ایشن بشکل خان سومرو،فیڈریشن محمد رفیق بنگلزئی،ڈی ایس وی فضل احمد باروزئی کے علاوہ علاقائی معتبرین بھی موجود تھے۔
ڈی ایچ او کچھی ڈاکٹر فیاض احمد نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پانچ روزہ مہم میں ضلع بھر کے پانچ سال تک کی عمر کے 69608 سے زائد بچوں کو قطرے پلائیں گے جس کیلئے کل 267 پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں علاوہ ازیں ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ڈاکٹرز کی کمی ہیں جس کیلئے بالا حکام کو آگاہ کیا گیا ہے جس پر سردار یار محمد رند نے کہا کہ یہ امر باعث افسوس ہے کہ سول ہسپتال میں ڈاکٹرز کی کمی ہے جن ڈاکٹرز کو تعینات کیا جاتا ہے اگلے روز انکی ٹرانسفرہوجاتی ہے۔
ضلع کچھی کے عوام کے ساتھ صحت کے معاملے میں زیادتی برداشت نہیں کرینگے اس بابت سیکرٹری ہیلتھ کو تحریری طور پر آگاہ کرینگے سردار رندنے مذید کہا کہ پوری دنیا میں پولیو کا خاتمہ ہوچکاایک ہمارا ملک اور ایک ہمسائیہ ملک افغانستان ہیں جہاں ابھی تک دونوں ملک اس موذی بیماری کے خلاف لڑ رہے ہیں یہ ایک بڑی آفت ہے جس سے ہمارے ڈویژن میں بھی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں لیکن خوش قسمتی سے ہمارے ضلع کچھی میں تاحال کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
پولیو کے خلاف عملی طور پر ہر ایک فرد کو کردار ادا کرنا ہے کیونکہ اسکا تعلق ہماری بچوں کی بہتر اور محفوظ مستقبل سے ہے بچوں کو حفاظتی قطرے پلاکر انکی مستقبل کو پولیو جیسی خطرناک بیماری سے بچایا جاسکتا ہے پولیو وائرس سے متاثرہ بچے عمر بھر معذور ہوکر دوسرے کے محتاج بن جاتے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ مہم کو کامیابی سے ہمکنار کیا جائے جوکہ ایک قومی فریضہ بھی ہے۔
بعد ازاں سردار یار محمد رند نے سول ہسپتال ڈھاڈرکے مختلف شعبوں کا معائینہ کیا سول ہسپتال میں ایمبولنس کی کمی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ انتظامی طور پر بڑا ایشو ہے ڈی ایچ کیو ہسپتال جوکہ قومی شاہراہ کے قریب ہے یہاں آئے روز حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں جس کیلئے ایمبولنس ضروری ہے ایموبلنس مہیا کیا جاتا ہے تو یہ ڈاکٹرز کے زیر استعمال ہوتے ہیں لیکن اب یہ سلسلہ نہیں چلے گا۔
انشاء اللہ یہاں ایمبولینس کی کمی کو پورا کیا جائیگا اورمجھے خوشی ہے سول ہسپتال ڈھاڈر میں نجی تنظیم رند قومی اتحاد کی ایمبولنس میسر ہے جوکہ عوامی خدمت کیلئے عطیہ بھی ہے دورے کے موقع پرانہوں نے نیوٹریشن سیل کا معائینہ کیا انکی کارکردگی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے نیوٹریشن اسٹاف کو ہدایت کی ہے متاثر بچوں کو غذائی قلت کی ایٹمزفراہم کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں کسی سے کوئی رعایت نہیں کرینگے عوام کو انکی دہلیز پر صحت کی سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے جس کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں