خضدار: صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا ہے کہ محکمہ بلدیات کا عوام الناس کوبنیادی سہولتوں کی فراہمی میں کلیدی کردار ہے یہ وہ ادارہ ہے جسکی بنیادیں دیہی علاقوں میں یونین کونسل،تحصیل سطح پرمونسپل کمیٹی اور شہری علاقوں میں میونسپل کارپوریشن کی سطح پر قائم ہیں۔
ان اداروں کے قیام کا مقصد لوگوں کو ان کے اپنے اپنے علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہے لیکن افسوس کہ محکمہ بلدیات سے وابستہ بعض ذمہ داران اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی میں سنجیدہ نہیں ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کونسل خضدار میں محکمہ بلدیات کے آفیسرز اور ذمہ داران سے منعقدہ اجلاس کے دوران کیا۔
اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل محکمہ لوکل گورنمنٹ بلوچستان محمد اقبال مروت،ڈائریکٹر ٹیکنیکل بلوچستان محمد اختر بلوچ،ڈپٹی ڈائریکٹر قلات ظفر کرد،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن خضدارنذر خان زہری،مونسپل کارپوریشن آفیسر خضدار وڈیرا محمد صالح جاموٹ، سینئر ڈویلپمنٹ آفیسر لوکل گورنمنٹ خضدار محمد نسیم مینگل،چیف آفیسر ڈسٹرکٹ کونسل قلات عبدالخالق شاہوانی،اسسٹنٹ انجینئر عبدالواحد بلوچ،چیف آفیسر وڈھ آذاد خان،چیف آفیسر نال حافظ منیر احمد،چیف آفیسرزہری محمود خان،انجینئر محمد کاشف بلوچ سمیت دیگر موجود تھے۔
اجلاس سے صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح جاموٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری فنڈز عوام کی امانت ہیں امانت میں خیانت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی محکمہ کے افسران منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیار پر خصوصی توجہ دیں کیونکہ کسی بھی اسکیم کی عدم تکمیل یا نقص کا براہ راست متعلقہ آفیسران ذمہ دار ہیں۔