خضدار: صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی نے کہاہے کہ شہری نظام کو مذید بہتر بنانے کے لئے ڈھائی ارب روپے کی رقم مشینری خرید نے کے لئے مختص کی گئی ہے، جب کہ خضدار سمیت صوبے کے دیگر بڑے شہروں کو میٹرو پولیٹن کا درجہ دے رہے ہیں صوبائی حکومت بلدیاتی نظام کے طریقہ کار مرتب کرنے کے مرحلے سے گزر رہی ہے جلدہی بلدیات کا نیا نظام بلوچستان میں نافذ العمل ہوگااور موسم میں بہتری آئے گی۔
سرد موسم کی وجہ سے صوبے کے لوگ دوسرے علاقوں کو نقل مکانی کرچکے وہ جیسے ہی واپس آجاتے ہیں تواس کے بعد بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔محکمہ لوکل گورنمنٹ میں چیک اینڈ بیلنس، معیار و میرٹ کا ایک موثر نظام قائم کررہے ہیں، جوپیسہ عوام کا ہے وہ عوام کی بہتری پر خرچ ہو، محکمہ لوکل گورنمنٹ آفیسرز دیانت و امانت کو ملحوظ ِ خاطررکھ کر ہی کام کریں،ترقیاتی منصوبوں کا میں از خود ہی نگرانی کرونگا، آج میں نے خضدار کا دورہ کیا ہے تو چند ہفتے بعد واپس میں آؤنگا پتہ چلے کہ جو منصوبے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بنائے گئے ہیں وہ معیاری انداز میں پائیہ تکمیل کوپہنچ رہے ہیں کہ یا نہیں۔عوام کے استحقاق پر کسی بھی طرح سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خضدار پریس کلب میں میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میونسپل کارپویشن خضدار کے آفیسر وڈیرہ محمد صالح جاموٹ، غلام قادر چھٹہ سمیت دیگر آفیسرز موجود تھے۔ صوبائی وزیر بلدیا ت سردار محمد صالح بھوتانی نے کہاکہ محکمہ لوکل گورنمنٹ عوام الناس کے لئے ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو شہری نظام کی درستگی، ٹاؤن پلاننگ،شہری رونق دوبالا کرنے اور لوگوں کے لئے آسانیاں وسہولیات پیدا کرنے کا ذریعہ اور مرکز و محور ہے۔
اس لیئے اس محکمہ کے تحت ہم وہ اقدامات عمل میں لانا چاہتے ہیں کہ جس سے عوام خوش ان کے مسائل حل اور شہری خوبصورتی میں اضافہ ہو۔ آج میں نے یہاں لوکل گورنمنٹ آفیسرز کی میٹنگ سے خطاب کیا اور ان پر یہ بات واضح کردی کہ عوام کا ایک روپے بھی ضائع نہ ہو جو پیسہ عوام کے لئے آتا ہے و دیانت اور امانت کے ذریعے ہی عوام پر خرچ کیئے جائیں۔
محکمہ کے آفیسرز اپنے آپ کو عوام کا خادم سمجھ کر اپنی ذمہ داریاں نبہائیں، اس حوالے سے میں نے ان کو میرٹ و معیار دیانت و امانت کے حوالے سے ہدایت بھی دیئے جب کہ ان کی حوصلہ افزائی بھی کی۔ ایک اچھے شہری کی پہچان یہی ہے کہ ہمارے شہر صاف ہوں۔ شہروں کی خوبصورتی پر ہم اپنی توانائیاں صرف کردیں اس کے لئے محکمہ کے آفیسرز اپنا کردار بہتر انداز میں ادا کرسکتے ہیں اور ان کو کرنا بھی چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے ڈھائی ارب روپے مشینریز خرید نے کے لئے مختص کردی ہیں یہ مشینری جب صوبے کے میونسپل کارپوریشن و میونسپل کمیٹیز کو مہیاہونگے تو اس سے شہروں کی صفائی بہتر ہوگی اور دیگر علاقائی ضروریات پوری ہونگی۔
صوبائی وزیرسردار محمد صالح بھوتانی نے کہاکہ ہماری خواہش ہے کہ عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر حل ہوں عوام کو چھوٹے کاموں کے لئے دور جانے کی ضرورت نہیں پڑے اس حوالے سے ہم وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ساتھ مشاورت کررہے ہیں تاکہ لوکل گورنمنٹ کے نظام کا جلد نفاذ ہو اورہم بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی طرف بڑھیں موسم میں جیسے ہی تبدیلی آتی ہے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔
ہم نے پروگرام مرتب کرلیا ہے کہ خضدار میٹرو پولیٹن کارپوریشن بن سکے خضدار چونکہ ایک بہت بڑا شہر ہے اور اس کی ضرورتیں بھی زیادہ ہیں تو اس کو ہم میٹرو پولیٹن بنائیں گے اور اس کے فنڈز اور ملازمتوں میں اضافہ کریں گے اگلے بلدیاتی الیکشن ہوتے ہیں تو اس میں میٹر و پولیٹن کی حیثیت سے خضدار میں بلدیاتی انتخابات ہونگے۔ صوبائی وزیر سردار محمد صالح بھوتانی نے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ محکمہ لوکل گورنمنٹ میں کمی و کوتاہیاں ہیں تاہم ان کو بہتر بنانے اور اصلاحات کرنے کی کوشش کررہے ہیں آنے والے دنوں میں مذید بہتری عوام کو دیکھنے کو ملے گا۔