|

وقتِ اشاعت :   January 18 – 2020

تربت: تربت یونیورسٹی کے گوادرکیمپس کے قیام کے تین سال مکمل ہونے پر گوادرکیمپس کے سمینار ہال میں ایک سادہ مگر پروقارتقریب کا اہتمام کیاگیا۔جس میں گوادر کیمپس کے ڈائریکٹراعجاز احمد بلوچ، ڈپٹی کیمپس کوارڈینیٹر حفیظ اللہ مبارک کے علاوہ فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات نے گوادر کیمپس کے تین سالہ تعلیمی سفر کے دوران حاصل کی گئی کامیابیوں اور درپیش چیلنجز پر اظہارخیال کیا۔

تقریب میں انچارج شعبہ منیجمنٹ سائنسز عبیدعلی، انچارج شعبہ کامرس مجاہدحسین، انچارج شعبہ ایجوکیشن ماہرہ خان، فیکلٹی ممبران فداحسین، شے حق بلوچ، میر بلال، طاہررشید،مریم سلیمان، گلنساء،گل شیر اور محمد عاصم کے علاوہ دیگر اساتذہ کرام اور طلباء و طالبات نے کثیرتعدادمیں شرکت کی۔

اس موقع پر اپنا پیغام جاری کرتے ہوئے تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابرنے گوادر کیمپس کی ترقی میں کیمپس کے فیکلٹی ممبران اور ڈائریکٹرکیمپس کی دن رات محنت اور کوششوں کو سراہا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیمپس ڈائریکٹراعجاز احمد بلوچ نے کہا کہ چیلنجز کے باوجود وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق کی قیادت میں فیکلٹی ممبران، یونیورسٹی انتظامیہ، طلباء و طالبات اور علاقے کے لوگوں کے تعاون سے تربت یونیورسٹی کے گوادر کیمپس میں معیاری اعلیٰ تعلیم کے فروغ کا سلسلہ جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مختصر عرصے میں گوادرکیمپس کی ترقی میں ہائرایجوکیشن کمیشن، وفاقی و صوبائی حکومتوں، عوامی نمائندوں، مین کیمپس تربت کی انتظامیہ اور فیکلٹی ممبران،ضلعی انتظامیہ، صحافیوں اور دیگر محکموں کے علاوہ ہر طبقہ ہائے فکرکے لوگوں کا تعاون حاصل رہاہے۔ کیمپس ڈائریکٹر نے کہا کہ گوادر کیمپس سے فارغ التحصیل طلباء و طالبات گوادرسمیت صوبہ اور ملکی ترقی اور خوشحالی میں اہم کرداراداکریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ گوادرکیمپس کو مکمل یونیورسٹی کا درجہ ملنے کے بعد یہاں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کیمپس کوارڈینیٹر حفیظ اللہ مبارک نے تین سال کے مختصر عرصے میں گوادر کیمپس علاقائی اور ملکی سطح پر حاصل کی گئی بے مثال کامیابیوں اور درپیش چیلنجز پر اظہارخیال کیا۔