تربت : یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرعبدالرزاق صابرنے کہاہے کہ تربت یونیورسٹی کی انتظامیہ اپنے اساتذہ کرام کو ملک اور بیرون ملک میں معیاری اعلیٰ تعلیم کے حصول کے بہترین مواقع فراہم کرنے کے لئے ہرممکن کوشش کررہی ہے اورایم ایس اور پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے کے لئے انکو اسکالرشپس پرملکی اور بیرون ملک اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بھیجنے کاسلسلہ جاری ہے تاکہ انکی واپسی پر تربت یونیورسٹی میں تعلیمی معیار اور تحقیقی سرگرمیوں میں مزید بہتری لائی جاسکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تربت یونیورسٹی کے کمیٹی روم میں منعقدہ ہائرایجوکیشن کمیشن کی جانب سے ایچ آرڈی سکالرشپس پروگرام کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرعبدالرزاق صابرنے کہاکہ یونیورسٹی آف تربت میں بہترین تعلیمی ماحول اور تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے یونیورسٹی انتظامیہ نے اپنے چالیس کے قریب اساتذہ کرام کو دنیاکی مختلف ترقی یافتہ ممالک بشمول برطانیہ، جرمنی، فن لینڈ،ملائیشیاء، ترکی اور تھائی لینڈکے علاوہ ملک کی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ایم فل،ایم ایس اور پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے کے لئے بھیجاہے جن میں کچھ اساتذہ کرام اپنی تعلیم اور تحقیقی کام مکمل کرنے کے بعد دوبارہ تربت یونیورسٹی جوائن کرچکے ہیں اور کچھ وہاں زیرتعلیم ہیں۔
وائس چانسلر کا کہناتھا کہ گڈگورننس سمیت بہترین تعلیمی و مالی نظم و نسق اور میرٹ کی پاسداری کی وجہ سے آج تربت یونیورسٹی کا شمار ملک کی بہترین ابھرتی ہوئی ا علیٰ تعلیمی اداروں میں کیاجاتاہے۔ اجلاس میں مختلف تعلیمی شعبوں میں بیرون ملک ایم ایس کرنے کے لئے اسکالرشپس کی منظوری دے دی گئی۔ وائس چانسلرنے کہا کہ تربت یونیورسٹی میں گڈگورننس اور بہترین تعلیمی ماحول کوبرقراررکھنے کے لئے اساتذہ کرام اور انتظامی اسٹاف کی استعدادکارمیں مزید اضافہ کرنے کے لئے مختلف منصوبوں پر عمل درآمدجاری ہے۔
اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرعبدالرزاق صابرکے علاوہ ایچ ای سی کے ڈائریکٹرمانیٹرنگ ایند ایوالویشن سیدنویدشاہ، ایچ ای سی پروجیکٹ کوارڈینیٹر فیکلٹی ڈویلمپنٹ پروگرام عطیہ رسول، بینظیر بھٹوشہیدیونیورسٹی لیاری کراچی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اختربلوچ،یونیورستی آف تربت کے رجسٹرارغلام فاروق بلوچ، ڈائریکٹرفنانس شاہ بیک سید،لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر واٹراینڈمیرین سائنسزاوتھل سے ڈاکٹرمنیرخٹک،بلوچستان یونیورسٹی کوئٹہ سے پروفیسر ڈاکٹرجنید، سینئر ایڈوکیٹ مہراب گچکی،پی ڈی کمال بلوچ،ڈپٹی رجسٹرار گنگزاربلوچ، اور گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج تربت کی پرنسپل محترمہ زہرہ بلوچ نے شرکت کی۔
آخرمیں وائس چانسلرنے اجلاس میں شرکت کرنے پر ہائرایجوکیشن کمیشن اور دیگریونیورسٹیوں سے آنے والے مہمانوں کا شکریہ اداکیا۔