کوئٹہ : کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا کوئٹہ میں ہلکی بوندا باندی سے سردی کی شدت میں کمی آگئی، محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہے گا۔
متعلقہ اداروں، ضلعی انتظامیہ نے برف باری اوربارشوں سے پیدا ہونے والی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کیلئے بھاری مشنری اور عملہ قومی شاہراہوں پر تعینات کر دیا ہے۔ پیر کے روز کوئٹہ اور گردو نواح میں مطلع ابرآلود رہا وادی میں علی ا لصبح سے شروع ہونے والی ہلکی بوندا باندی کا سلسلہ و قفہ وقفہ سے رات گئے تک جاری رہاجس سے سردی کی شدت میں کمی آگئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا محکمہ مو سمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئٹہ،چاغی،قلات،مستونگ،خا ران،نوشکی، پشین اورقلعہ عبدا للہ،زیا رت،ہرنائی،ڑوب اور قلعہ سیف اللہ میں بارش،کوئٹہ،مستو نگ،قلات،قلعہ عبداللہ،قلعہ سیف اللہ،زیارت اورڑوب میں برفباری کاامکان ہے۔
کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں مزید برف باری اور بارشوں کی پیشنگوئی کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی خصوصی ہدایت پر محکمہ پی ڈی ایم اے، متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ نے کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے موثر طور پر نمٹنے کیلئے اپنی تیاریاں مکمل کرلی۔
اس ضمن میں عوام الناس سے بھی انتظامیہ سے مکمل تعاون کرنے کی اپیل کی گئی ہے جبکہ برف باری کی صورت میں شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد ورفت برقرار رکھنے کے لئے PDMAصوبائی محکمہ مواصلات وتعمیرات نے بھاری مشنری اور عملہ قومی شاہراہوں پر تعینات کر دیا ہے جبکہ حساس اضلاع میں محکمہ مواصلات اور NHA کی بھاری مشینری بمہ عملہ شاہراہوں پر تعینات کر دی گئی جبکہ کچھ مشینری کرائے پر بھی حاصل کی گئی ہے۔