کوئٹہ: سیکریٹری مواصلات وتعمیرات نورالامین مینگل نے نواں کلی بائی پاس کے تعمیراتی منصوبے کا معائنہ کیا جہاں انہیں منصوبے سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ایف سی ہسپتال سے اوڑک موڑ تک سات کلومیٹر طویل بائی پاس کے تعمیراتی کام کا آغاز ایک ہفتہ کے اندر کردیا جائے گا جس پر لاگت کا تخمینہ 45کروڑ روپے ہے۔
سیکریٹری مواصلات نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت کی روشنی میں اور ان کے وژن کے مطابق کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر، مرمت اور توسیع کے منصوبے رواں مالی سال کے بجٹ اور کوئٹہ ترقیاتی پیکج میں شامل کئے گئے ہیں۔
نواں کلی بائی پاس کا منصوبہ صوبائی ترقیاتی پروگرام میں شامل ہے بائی پاس کی تعمیر سے نواں کلی، زرغون ہاؤسنگ اسکیم، ہنہ، اوڑک اور گردونواح کی آبادیوں کے لئے آمدورفت کی بہتر سہولت فراہم ہوسکے گی، انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کے مقررہ وقت پر آغاز کے ساتھ ساتھ اس کی رواں مالی سال کے اندر تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔