|

وقتِ اشاعت :   January 23 – 2020

کوئٹہ:  وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت کو کوئی خطرہ نہیں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر حکومت کررہے ہیں،قدوس بزنجو ہمارے سینئر ساتھی ہیں،عدم اعتماد اپوزیشن کا حق ہے وہ لا سکتی ہے۔

ہماری حکومت بننے کے دو ماہ بعد سے عدم اعتماد کا شوشا چھوڑ دیا گیا تھا، وزراء تبدیل ہوتے رہتے ہیں ہماری سوچ بلوچستان کیلئے کام کرنا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو صوبائی وزیر کی تقریب حلف برداری کے موقع پر گورنر ہاوس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے مزید کہا کہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو جو سوالات اور باتیں میڈیا پر اکر کی ہیں یہ ان کی اپنی سوچ ہے جس کو انہوں نے میڈیا پر اکر شیئر کیا ہے تاہم انہوں نے کن وجوہات کی بنا پر یہ باتیں کی ہیں یہ وہ خود بہتر بتاسکتے ہیں۔

صوبے میں اتحادی حکومت میں شامل تمام جماعتوں نے گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران کی کارکردگی پاکستان کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ لفاظی نہیں حقائق اور اعداد و شمار چیزدوں کو خود سامنے لاتی ہیں۔۔ انہوں نے کہا کہ عبدالقدوس بزنجو ہمارے ایک جذباتی ممبر ہیں اور کبھی کبھی جذبات میں آکر بہت سی چیزیں بول جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کے بننے کے دو ماہ بعد ہی میڈیا کے دوستوں نے کہا تھا کہ عدم اعتماد آرہی ہے جس کے جواب میں نے کہا تھا کہ پہلے دن ہی عدم اعتماد آجاتی یا اب آئے اس کے لئے تیار ہیں، اگر ہم نے عدم اعتماد کا سوچ کر حکومت چلانی شروع کردیں تو پھر حکومت نہیں چلے گی، عدم اعتماد ایک سیاسی عمل ہے جس کا اپوزیشن کو پورا اختیار ہے اگر کوئی بہت بڑا دعویٰ کرتا ہے کہ اس کے پاس نمبر گیم پورے ہیں تو کوئی کسی کو روک نہیں سکتا۔

Trackbacks/Pingbacks

  1.  بلوچستان حکومت کو کوئی خطرہ نہیں،عبدالقدوس بزنجو ہمارے ایک جذباتی ممبر ہیں کبھی کبھی بہت سی چیزیں بول جاتے ہیں،جام کمال خان – روزنامہ آزادی

Comments are closed.