خضدار: سیکریٹری زراعت بلوچستان قمبر دشتی نے کہاہے کہ خضدار جس محل و وقوع پر واقع ہے یہاں تجارت و کاروبار کے وسیع تر مواقع موجود ہیں، سی پیک شاہراہ پر ہونے کی وجہ سے خضدار پھل اور سبزیوں کی ترسیل کا مرکز بن چکا ہے، خضدار سبزی منڈی کو مذید ترقی دینے کے لئے حکومت تما م تر سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کریگی، سبزی منڈی میں شیڈنصب کرنے، تیسری الاٹ منٹ سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایاجائیگا۔
سبزی منڈی کی وسعت میں اضافہ کرنا بے حد ضروری ہے چونکہ یہاں سے اندرونی سندھ پنجاب سمیت کراچی کے لئے فروٹ، سبزیاں اجناس کی ترسیل و کاروبار ہوتا ہے اور وہاں سے تازہ پھل اور سبزیاں خضدار لائی جاتی ہیں یہ کاروبارکا وسیع ترشعبہ ہے سہولیات کی فراہمی سے یہاں کافی لوگوں کو روزگار مہیا ہوگا حکومت اس شعبے کو مذید سہولیات اور ترقی ضرور دیگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خضدار میں نیو سبزی منڈی کے دورے کے موقع پر اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کیا۔سیکریٹری زراعت قمبر دشتی کو سبزی منڈی خضدار کا دورہ کرایا گیا، انہوں نے کاروبار سبزی منڈی کے مختلف حدود اور متعین کردہ اراضی کا معائنہ کیا۔ اس موقع پرڈائریکٹراکنامکس اینڈ مارکیٹنگ بلوچستان سید عبدالستار شاہ، جھالاوان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایسوسی ایشن خضدار کے جنرل سیکریٹری چیف حاجی محمد نور زہری ایڈمنسٹریٹرمارکیٹ کمیٹی خضدار محمد آصف زہری، ڈپٹی ڈائریکٹر مارکیٹ کمیٹی خضدار قاضی محمود،نائب صدر کریم بخش محمد حسنی، جونیئرنائب صدر غلام نبی مینگل، پریس سیکریٹری محمد اعظم، اطلاعات عبدالستار سخی، علی احمد چھانگاہ، عبدالسلام،حافظ محمد یونس، میر شفیع محمد زہری منیراحمد عالیزئی حاجی محمد قاسم بنگلزئی سمیت دیگر موجود تھے۔
جھالاوان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایسوسی ایشن خضدار کے جنرل سیکریٹری چیف حاجی محمد نور زہری نے سیکریٹری زراعت بلوچستان قمبر دشتی کو خضدار نیو سبزی منڈی کی اہمیت افادیت کے بارے میں بتایا اورا نہیں یہاں ماشہ خور و کمیشن ایجنٹس کے مسائل سے بھی آگاہ کیا، چیف حاجی محمد نور زہری کا کہنا تھا کہ نیو سبزی منڈی خضدار کو عرصہ دوسال ہوچکے ہیں تاہم یہاں سہولیات کا فقدان ہے،بڑے پیمانے پورے ملک سے فروٹ اور تازہ سبزیوں کا کاروبار ہوتا ہے تاہم شیڈ نہ ہونے کی وجہ سے سبزیاں اور فروٹ گل سڑ جاتیں ہیں، پانی کی سہولت میسر نہیں ہے، الاٹ منٹ بھی روکی ہوئی ہے۔
مقامی آفیسرز کی عدم دلچسپی کے حوالے سے بھی سیکریٹری زراعت کو آگاہ کیا۔ سیکریٹری زراعت بلوچستان قمبر دشتی کا کہنا تھاکہ یقینا خضدار نیو سبزی منڈی کی اہمیت اور افادیت اپنی جگہ تسلیم شدہ ہے سبزی منڈی کو ترقی دینے اور اس سے بڑھ کر اسے کاروبار و تجارت اور سرما یہ کاری کا مرکز بنائیں گے تاکہ یہ سبزی منڈی خضداردیگر صوبوں سے فروٹ اور سبزیوں کی تجارت میں بلوچستان کے لئے مرکزی حیثیت اختیار کرلے، سبزی منڈی میں شیڈتنصیب کا کام بہت جلد شروع کیا جائیگا۔
یہاں پانی کے مسائل کو حل کرنے کے علاوہ دیگر تمام سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کیئے جائیں گے،الامنٹ مرحلے کو بھی جلد مکمل کیا جائیگا، تاکہ کاروباری حضرات زیادہ سے زیادہ یہاں متوجہ ہوں اور یہ سبزی منڈی بین الصوبائی تجارتی مرکزکی حیثیت اختیا کرلے۔، سی پیک شاہراہ پر ہونے کی وجہ سے خضدار پھل اور سبزیوں کی ترسیل کا مرکز بن چکا ہے، ملک بھر سے تازہ پھل اور سبزیاں خضدار لائی جاتی ہیں یہ کاروبارکا وسیع ترشعبہ ہے اس سلسلے میں سہولیات کی فراہمی سے یہاں کافی لوگوں کو روزگار مہیا ہوگا۔