کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ (ن)کے زیراہتمام گیس پریشرمیں کمی،بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اورملک میں مہنگائی کیخلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا،مظاہرین نے پلے کارڈاوربینراٹھائے تھے اورمطالبات کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم ایل(ن)کے ضلعی صدرمحمدرحیم کاکڑ،،اقلیتی ونگ کے صدرپیٹرک،جنرل سیکریٹری نسیم الرحمن،طارق بٹ ایڈووکیٹ،حیدرخان اچکزئی ودیگر مقررین نے کہا کہ مرکزمیں نااہل حکمرانوں کو مسلط کیاگیا ہے جن کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے،حکمران سوئے ہوئے ہیں مہنگائی کے طوفان کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ واٹس اپ کے ذریعے چلنے والی صوبائی حکومت کو عوام کے مسائل کاادراک نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ سوئی گیس بلوچستان سے نکلتی ہے جس سے ملک کے انڈسٹریز چلتے ہیں مگر بدقسمتی سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے عوام بھی اس سہولت سے محروم ہیں،شدیدسردی میں گیس پریشرمیں کمی اوربجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کی وجہ سے تمام معمولات زندگی متاثرہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی نااہل حکومت نے عوام پرتعلیم وصحت اورروزگار کے دروازے بندکردیئے ہیں،پرائس کنٹرول کمیٹی کے مقررکردہ نرخ پر مارکیٹ میں کوئی چیزدستیاب نہیں ہے جس کے باعث شہریوں کو خریداری میں مشکلات درپیش ہیں جبکہ حکومت آئے روزنئے ٹیکسز عائد کررہی ہے جس کی وجہ سے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کاکوئی امکان نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت بین الاقوامی سطح پر ملکی امیج کو بہتربنانے کے دعوے کررہی ہے تاہم مہنگائی اوربیروزگاری سے تنگ عوام خودکشی کررہے ہیں جوکہ حکومت کی نااہلی کاثبوت ہے،پی ٹی آئی کی حکومت کے پاس کوئی وژن نہیں ہے وزرازصرف بیان بازی کرنے میں مصروف عمل ہیں،انہوں نے کہا کہ عوامی استحصال کسی صورت قبول نہیں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں توازن برقراررکھتے ہوئے مسائل حل کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔