کوئٹہ: صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ صوبے کے روایات ہمارے لیے بہت مقدم ہیں،بورڈ آفس میں بچیوں اور خواتین کیلئے الگ انتظامات اور شکایات سیل بنائیں جائیں، سسٹم کو بہتر بنانے کے لئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کرونگا، بلوچستان میں تعلیم کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
بورڈ ایک خودمختار ادارہ ہے جس کی کارکردگی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، امتحانات میں نقل اور دوسرے غیر قانونی ذرائع کے استعمال پر مکمل پابندی اور سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے، امتحانات اور امتحانی مراکز میں انتظامات اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ان خیالات کااظہار جمعرات کے روز انہوں نے بلوچستان بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے اچانک دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا، چیئرمین بورڈ، سیکرٹری اور کنٹرولر نے صوبائی وزیر تعلیم کو ادارے کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر سردار یار محمدرند نے بورڈ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ کے لیے کل اجلاس طلب کرلیا۔
انہوں نے خواتین اور بچیوں کیلئے مناسب انتظامات کی عدم دستیابی پر بورڈ انٹرمیڈیٹ کے افسران پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین اور بچیوں کے لئے بورڈ آفس میں دو الگ کاؤنٹر قائم کئے جائیں تاکہ بچیوں اور خواتین کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
صوبائی وزیر کا بورڈ آفس میں سہولیات کی کمی، امیدواروں کی لمبی قطاروں اور کم کاونٹرز کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے بورڈ حکام اور متعلقہ بینک کے برانچز کو جامع اورمربوط نظام لانے کیلئے اقدامات کی ہدایات۔ انہوں نے خواتین کے لیے الگ سے انتظامات اور انتظار گاہ کی عدم فراہمی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بچیوں کے لیے الگ سے ونڈو بنانے کی ہدایات جاری کردیں۔
انہوں نے صوبے کے تمام ڈویژنوں میں بورڈ بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے اس سلسلے میں چیئرمین اور سیکرٹری کو تجاویز مرتب کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ خواتین اور بچیوں کی سیکورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کیا جائے،انہوں نے طلباء اور امیدواروں سے بورڈ انتظامیہ اور بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سے متعلق شکایات سنے۔ انہوں نے موقع پر انکے شکایات کے حل کرنے کے ہدایات بھی جاری کیں۔
صوبائی وزیر کا خواتین اور بچیوں کیلیے مناسب انتظامات کی عدم دستیابی پر بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے افسران پر برہمی کا اظہارکیا، صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے کہا کہ 18 فروری سے شروع ہونے والے میٹرک کے امتحانات اور ان کے لیے کیے گئے انتظامات کی وہ خود نگرانی کریں گے۔
اگر صوبے میں کہیں بھی میٹرک کے امتحانات سے متعلق شکایات موصول ہوئی تو افسران بالا کے خلاف کاروائی ہوگی صوبے میں کہیں بھی نقل اور پرچہ آؤٹ ہونے کے شکایت ملی تو سخت کارروائی کرونگا،سردار یار محمد رند صوبائی وزیر تعلیم بلوچستان سسٹم کو بہتر بنانے کے لئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کرونگا، بلوچستان میں تعلیم کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔