سبی: سالانہ سبی میلہ مویشیاں و اسپاں کی رنگا رنگ تقاریبات تیسرے روز بھی جاری رہیں،سردار چاکر خان ڈومکی اسٹیڈیم میں ہارس اینڈ کیٹل شو اور فلاور شو پیش کیا گیا،خواتین نے بھر پور شرکت کی تفصیلات کے مطابق سالانہ سبی میلہ 2019کی رنگارنگ تقاریب کا سلسلہ تیسرے روز بھی اپنی آب و تاب کے ساتھ جاری رہیں۔
تیسرا روز خواتین کے لیے مختص کیا گیا تھا اور اس سلسلے میں سردار چاکر خان ڈومکی اسٹیڈیم میں ہارس اینڈ کیٹل شو،جانوروں کی پریڈ،فلاور شو،نیزہ بازی،گھڑ دوڑ،موٹرسائیکل جھمپ سمیت دیگر دلچسپ مظاہرئے پیش کیئے گئے،تقریب میں بلوچستان سمیت ملک بھر سے خواتین بھی شریک تھیں اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سبی میلہ میں خواتین کے لیے الگ سے دن مختص کرکے خواتین کی شراکت کو میلے میں یقینی بنایا گیا ہے جو یقینا خوش آئند اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ سبی کا سالانہ میلہ ہماری تاریخ اور ثقافت کا امین ہے جس میں دورحاضر کے مطابق جدت آگئی ہے اور آج بھی جانوروں کی خرید و فروخت کا سلسلہ مویشی منڈی میں جاری ہے انہوں نے کہا کہ سبی میلہ جہاں ہماری ثقافت کو اجاگر کرتا ہے وہاں پرصوبے کی معیشت کادارومدار بھی اسی میلے پر منحصر ہے انہوں نے ہارس اینڈ کیٹل شو اور دیگر مظاہرئے پیش کرنے والوں کی کارکردگی کو سراہا اور تقریب کے آخر میں خواتین میں شیلڈز بھی تقسیم کئیں۔
علاوہ ازیں سالانہ سبی میلہ مویشیاں و اسپاں کے تیسرے روز لیڈیز شو کا انعقاد،ہزاروں کی تعداد میں خواتین اور بچوں کی شرکت،زرعی و صنعتی نمائش،سرکس گراؤنڈ میں خواتین سبی میلے کے رنگارنگ پروگرامز سے لطف اندوز ہوتی رہیں تفصیلات کے مطابق سبی کے سالانہ تاریخی و ثقافتی میلہ کاتیسراروز خواتین کے لیے مختص کیا گیا اور لیڈیز شو منعقد کیا گیا لیڈیز شو میں خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر خواتین نے زرعی و صنعتی نمائش میں محکمہ تعلقات عامہ کے اسٹال میں تصویری نمائش بھی دیکھی جبکہ محکمہ زرارعت،واٹر مینجمنٹ،صحت،سمال انڈسٹریز،سماجی بہبود، میر چاکر رند یونیورسٹی اسٹال،نیشنل ہائی ویزاینڈ موٹر وے پولیس ویسٹ زون سمیت مختلف محکموں کے اسٹالز کے علاوہ ثقافتی اور ملبوسات سمیت کھانے پینے کے اسٹالز میں بھی خواتین اور بچوں کی کافی دلچسپی دیکھنے کو ملی،جبکہ سرکس گراؤنڈ میں سرکس،موت کا کنواں،چڑیا گھر کے علاوہ جھولوں پر جھولے جھول کر خواتین اور بچے محضوظ ہوتے رہے۔
اس موقع پر خواتین اور بچوں نے سبی میلہ انتظامیہ کی جانب سے لیڈیز شو کے انعقاد کو سراہا تے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹس سے خواتین میں خوداعتماد ی میں اضافے سمیت انہیں سال میں ایک مرتبہ تفریح کا بہترین موقع ملتا ہے جس کا خواتین اور بچے سارا سال انتظار کرتے رہتے ہیں اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ایف سی،ڈسٹرکٹ پولیس،بلوچستان کانسٹیبلری اور لیویز فورس کے جوان اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے ڈپٹی کمشنرسبی سید زاہد شاہ اور ایس ایس پی سبی ملک فاروق فیض لہڑی سیکورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیتے رہے۔