|

وقتِ اشاعت :   February 25 – 2020

کوئٹہ: کرونا وائرس کے خطرے کے باعث بلوچستان میں دوسرے روز پاک ایران بارڈر بند رہا جبکہ اسکریننگ کا عمل جاری ہے۔ جبکہ بلوچستان کے کک باکسنگ کے10 کھلاڑی آزربائیجان میں محصور ہوکر رہ گئے، کرونا وائرس کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر صوبائی حکومت کے مطابق اقدامات جاری ہیں، تفتان اور گوادر سمیت 5 مقامات پر پاکستان اور ایران کے درمیان آمدورفت معطل ہے۔

امیگریشن گیٹ بند ہونے سے سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔ پی ڈی ایم اے نے سرحدی علاقے میں 100 بستروں پر مشتمل میڈیکل کیمپ لگالیا جبکہ پاکستان ہاؤس میں موجود زائرین کی اسکریننگ کاعمل جاری ہے۔ صوبائی حکومت کے مطابق ائیرپورٹس سمیت تمام ٹرانزنٹ پوائٹس پر اسکریننگ کا عمل جاری رہے گا۔ دوسری جانب بلوچستان کے دیگر زمینی راستے پنجگور، واشک، ماشکیل، مند اور دالبندین میں لوگ نہ صرف خفیہ طور پر آمد و رفت جاری رکھتے ہیں۔

بلکہ کروڑوں روپے کی غیر قانونی تجارت بھی ہوتی ہے ذرائع کے مطابق ان علاقوں میں خاص انتظامات دیکھنے کو نہیں مل رہے جبکہ یہاں کے مکینوں شدید خوف بھی پایا جاتا ہے، عوام کی جانب سے مطالبہ سامنے آیا ہے کہ نہ صرف ان غیر قانونی راستوں کو سیل کیا جائے بلکہ ان علاقوں میں سکیورٹی کی پیٹرولنگ بڑھائی جائے جبکہ سمندری راستے پسنی، اورماڑہ، جیونی پر بھی گہری نظر رکھی جائے تاکہ غیر قانونی نقل و حرکت کو روکا جاسکے۔

واضح رہے کہ اس وقت سینکڑوں کی تعداد میں تفتان میں زائرین موجود ہیں جبکہ 4 ہزار سے زائد پاکستانی اس وقت ایران میں ہیں جبکہ کرونا وائرس کے باعث بلوچستان کے کک باکسنگ کے10 کھلاڑی آزربائیجان میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں، ان کھلاڑیوں نے براستہ ایران سے کوئٹہ آنا تھا، ٹیم کے کوچ وحید اچکزئی کے مطابق ان کی ٹیم کے پاس کھانے پینے کے پیسے بھی ختم ہوگئے ہیں۔

کھلاڑیوں نے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ ہمیں یہاں سے نکالنے کا بندوبست کریں۔ کھلاڑیوں نے چپمپئن شپ میں ملک کیلئے 4 گولڈ، 3،3 سلور اور برونز میڈلز جیتے ہیں ٹیم کے ہمراہ کوچ منیجر اور کھلاڑیوں نے وفاقی و صوبائی حکومت سے جلد وطن واپس لانے کیلئے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے، 10 رکنی دستہ براستہ ایران آزربائیجان میں چیمپین شپ میں حصہ لینے پہنچا تھا۔

دریں اثناء حکومت بلوچستان نے صوبے میں کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے 5الگ الگ کمیٹیاں تشکیل دیدیں پیر کو سیکرٹری صحت بلوچستان کے جاری کردہ اعلامیہ کے طابق ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ بلوچستان ڈاکٹر شاکر بلوچ کوصوبے میں کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے قائم کردہ ٹاسک فورس کا سربراہ مقرر کردیا ہے۔

جبکہ ڈاکٹرکمالان گچکی کو ٹیکنیکل ورکنگ گروپ کاسربراہ،ڈاکٹرنقیب نیازی کو آئی سولیشن وارڈ اورکوارٹائن کا سربراہ،ڈاکٹر آصف شاہوانی کوکنٹرول روم کاسربراہ جبکہ ڈاکٹر ناصر شیخ کوزائرین کے فالواپ ایگزمینیشن ٹیم کا سربراہ مقرر کیاگیا ہے۔