|

وقتِ اشاعت :   February 26 – 2020

کوئٹہ: صوبائی سیکرٹری صحت مدثر وحید ملک نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کا کوئی بھی کیس بلوچستان میں رپورٹ نہیں ہوا ہے اور تمام اضلاع میں حفظ ماتقدم کے طور پر سپیشل وارڈز قائم کر لئے گئے ہیں۔ پی۔ڈی۔ایم۔اے، قومی ادارہ صحت، عالمی ادارہ صحت اور دیگر اداروں محکمہ صحت کے حکام مسلسل رابطے میں ہیں اور کرونا وائرس کے روک تھام کیلئے تمام عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

منگل کو محکمہ صحت کے آفیسران سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری صحت نے کہا کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر ڈائریکٹر جنرل صحت بلوچستان کی سربراہی میں کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دے دیا گیا ہے،ٹیکنیکل ورکنگ گروپ کے سربراہ ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر کمالان کچگی تعینات۔ جبکہ ڈاکٹر نقیب نیازی ڈپٹی ڈائریکٹر فوکل پرس برائے سپیشل وارڈز تعینات۔

اسکے علاوہ ڈاکٹر آصف انور شاہوانی کنٹرول روم کے سربراہ اور ڈاکٹر ناصر شیخ کو ایران سے حال ہی میں آنے والے مسافروں کی تشخیص کے گروپ کا فوکل پرسن تعینات کیا گیا ہے۔ مدثر وحید ملک نے کہا کہ 67اعلی تربیت یافتہ ڈاکٹروں کو بلوچستان کے سرحدی اضلاع میں بارڈرز پر تعینات کر دیا گیا ہے جس میں چاغی، پنجگور، واشک، گوادر، تربت، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور کوئٹہ انٹرنیشنل ائرپورٹ شامل ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کرونا وائرس کا کوئی بھی کیس بلوچستان میں رپورٹ نہیں ہوا ہے اور تمام اضلاع میں حفظ ماتقدم کے طور پر سپیشل وارڈز قائم کر لئے گئے ہیں۔ پی۔ڈی۔ایم۔اے، قومی ادارہ صحت، عالمی ادارہ صحت اور دیگر اداروں محکمہ صحت کے حکام مسلسل رابطے میں ہیں اور کرونا وائرس کے روک تھام کیلئے تمام عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔