کوئٹہ: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان میں کرونا وائرس کے 2کیس رپورٹ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ کرونا وائرس کا ایک کیس کراچی جبکہ دوسراکیس وفاقی علاقہ جات میں تصدیق ہوا ہے اوردونوں افراد کی حالت مستحکم ہے اسوقت پاکستان میں 15افراد کو مشتبہ طور پر کرونا وائرس کے شعبے میں زیرعلاج رکھا گیا ہے جبکہ ابتک 100سے زائد مبینہ مریضوں کے ٹیسٹ کئے گئے ہیں جن میں سے تما م لوگوں کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں یہ بات انہوں نے بدھ کی رات وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے ہمراہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔
معاون خصوصی ڈاکٹرظفر مرزا نے کہا کہ میں اس بات کی تصدیق کرتا ہوں کہ آج پاکستان میں کرونا وائرس کے 2کیسز کی تصدیق ہوگئی ہے۔کراچی کے 22 سالہ یحییٰ جعفری ایران سے جہاز کے ذریعے کراچی پہنچا تھا۔یحییٰ جعفری کے ساتھ ان کے اہلخانہ بھی تھے، یحییٰ جعفری کو نجی اسپتال میں داخل کردیا گیا۔ البتہ دوسرے شخص کا نام ظاہر نہیں کر رہے کیونکہ یہ میڈیکل آداب کے خلاف ہے یہ کیس وفاقی علاقہ جات میں رپورٹ ہوا ہے تاہم انہوں نے علاقے کا نام نہیں بتایا۔انہوں نے کہا کہ یہ دونوں افراد حالیہ دنوں ایران گئے اور 14دن کے اندر پاکستان آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسوقت پاکستان میں 15مشتبہ مریضوں کو کرونا وائرس کے شعبے میں ہسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے جبکہ 100سے زائد مریضوں کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں کرونا وائرس منفی آیا۔انہو ں نے یہ بھی بتایا کہ کرونا وائرس کی تصدیق ہونے والے ایک شخص سے حالیہ دنوں تعلق میں رہنے والے افراد کا بھی ٹیسٹ کیا گیا اور وہ نیگٹیو آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرونا وائرس چین،بھارت،افغانستان،ایران کے بعد سب سے آخر میں آیا ہے۔
پاکستان نے کرونا وائرس کے حوالے سے بہترین حکمت عملی اپنائی ہے جبکہ ہمارے پاس کرونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر اور ایس او پی مکمل ہے عوام کو بلاضرورت پریشان نہیں ہونا چاہئے نہ ہی لوگ پینک کریں احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے کہا کہ اگر حالیہ دنوں میں کوئی بھی شخص ایران یا چین گیا ہے وہ فی الفور ڈاکٹر سے رابطہ ضرور کرے یا پھر 1166پر حکومتی ہیلپ لائن پر رابطہ کرے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور تمام صوبے ایک پیج پر ہیں آج ہم تفتان جائیں گے اور وہاں کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے تاکید کی ہے کہ عوام کو روزانہ کی بنیاد پر اپ دیٹ کیا جائے ہم کسی چیز کو چھپانے کی بجائے شفافیت پریقین رکھتے ہیں۔اس قبل۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈاکٹر ظفر مرزا نے کورونا وائرس کے دو کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کیسز کا کلینیکل اسٹینڈرڈ پروٹوکولز کے مطابق خیال رکھا جارہا ہے۔
ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے بتایاکہ یحیی جعفری میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے، مریض کو فوری طور پر آئسولیشن وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکریٹری ہیلتھ سے بات ہوئی انہوں نے تصدیق کی ہے، وفاقی حکومت کو ایئرپورٹ پر سرویلنس کی ضرورت ہے، معاملے سے نمٹنے کے لیے جو کٹس چاہیے ہوتی ہیں وہ ہمارے پاس موجود ہیں۔
ڈی جی محکمہ صحت سندھ ڈاکٹرمبین کے مطابق کرونا وائرس سے متاثرہ شخص کے اہلخانہ کا معائنہ بھی کیا جارہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس سے متاثرہ شخص کے ساتھ سفر کرنے والے دیگر افراد کا ڈیٹا بھی حاصل کیا جارہا ہے۔ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر مبین کے مطابق اطلاع ہے کہ کرونا وائرس کا پہلا مریض سامنے آیا ہے لیکن ٹیسٹ سے قبل یہ کہنا قبل ازوقت ہوگا، ٹیسٹ رپورٹ آنے کے بعد صورتحال مزید واضح ہوجائے گی۔
انہوں نے کہاکہ بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ کی جاتی ہے، ایران میں کرونا وائرس کی خبروں کو چھپایا جارہا ہے، کرونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کے لیے بیس ٹیمیں کام کررہی ہیں۔ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کا پہلا کیس کراچی میں رپورٹ کیا گیا ہے، کراچی کے شہری 22 سالہ یحیی جعفری میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس نے حال ہی میں ایران سے کراچی کا سفر کیا تھا۔
محکمہ صحت سندھ کی جانب سے متاثرہ نوجوان اور اس کی فیملی کو نجی اسپتال کے کورینٹائن وارڈ میں داخل کردیا گیا ہے جب کہ متاثرہ نوجوان کے ہمراہ ایران سے آنے والے دیگر افراد کا بھی ٹیسٹ کیا جارہا ہے۔محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر نوجوان کا نام یحیی جعفری ہے جو ایران سے بذریعہ ہوائی جہاز واپس کراچی پہنچا تھا اور اسے طبیعت خراب ہونے پر اسپتال لے جایا گیا۔
ترجمان کے مطابق متاثرہ نوجوان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ پوزیٹو آیا ہے جس کے بعد اسپتال کے حکام نے محکمہ صحت سندھ اور دیگر قومی اداروں کو اس کی اطلاع دے دی ہے۔محکمہ صحت سندھ کی ترجمان کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر نوجوان کو آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے جہاں پر اس کی دیکھ بھال کی جارہی ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزارت صحت کے حکام کے مطابق ملک کے کئی علاقوں سے کورونا وائرس سے متاثرہ مشتبہ مریضوں کے سیمپل قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد بھیجے گئے ہیں جن میں سے چار سے پانچ ہاٹ کیس ہیں۔