|

وقتِ اشاعت :   February 29 – 2020

کوئٹہ: بھارت میں مسلمان اور مسیحی برادریوں پر جاری مظالم کے خلاف بلوچستان کی مسیحی برادری کی جانب سے کوئٹہ پر یس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن قومی اسمبلی خلیل جارج بھٹو، سابق رکن صوبائی اسمبلی انیتا عرفان، بشپ امانت سمیت دیگر نے کہا کہ بھارت نے اقلیتوں پر مظالم کی انتہا کردی ہے۔

مودی سرکار کے سر پر جنون سوار ہے جس نے بھارت کے سیکولر ہونے کے نام نہاد دعووں کی قلعی کھول دی ہے آج بھارت پوری دنیا میں فاشسٹ اسٹیٹ کے نام سے جانا جارہا ہے جہاں مسلمان اور مسیحی اقلیتوں کا قتل عام جاری ہے لیکن اقوام عالم نے اپنی آنکھیں بند کررکھی ہیں، انہوں نے کہا کہ بھارت میں سرعام مساجد اور چرچز کو آگ لگائی جارہی ہے لوگوں کا قتل عام جاری ہے لیکن نریندر مودی جس نے بھارت کو انتہا پسند ریاست بنا کر رکھ دیا ہے خاموش ہے اور اپنے دہشتگردوں کو لگام دینے میں ناکام ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں اقلیتوں کو تحفظ فراہم کیا جاتا ہے لیکن بھارت وہ واحد ملک ہے جہاں اقلیتوں کو ختم کرنے کے لئے خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی نتظیموں کو چاہیے کہ وہ بھارت میں جاری قتل عام کو رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں، انہوں نے کہا کہ بھارت کو پاکستان سے یہ سبق سیکھنا چاہیے جہاں اقلیتوں کو بھی مساوی حقوق حاصل ہیں۔

اور ہم آزادی کی فضاء میں سانس لے رہے ہیں آج قائد اعظم نے جو پیش گوئی 72سال پہلے کی تھی سچ ثابت ہور ہی ہے کہ بھارت میں اقلیتوں کو کسی قسم کا تحفظ حاصل نہیں ہوگا، اس موقع پر مظاہرین نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کاپتلا بھی نذر آتش کیا اور بھارت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی، بعدازاں مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔