کوئٹہ+اندرون بلوچستان: کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمال مشرقی اور مغربی علاقوں میں برفباری وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے سے موسم سرد ہوگیا۔
سبی، ہرنائی اور بولان میں بارشوں کے بعد دریائے ناڑی میں اونچے درجے کا سیلاب ریلاگزرنے لگا،محکمہ اب پاشی نے ملحقہ علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کردیا۔تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز کوئٹہ اورگردونواح میں شروع ہونے والی ہلکی بارش کاسلسلہ جمعرات کے روز بھی وقفے وقفے سے جاری رہا کوئٹہ کے پہاڑوں پر برفباری بھی ہوئی کوئٹہ کے نواح میں وادی ہنہ، اوڑک اورولی تنگی میں رات گئے سے شروع ہونے والی بارش اوربرفباری کاسلسلہ صبح تک جاری رہا،موسم کی تبدیلی سے کوئٹہ میں درجہ حرارت ایک بار پھر کمی رکارڈ کی گئی جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ میں مزید بارش کاامکان ہے۔بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی اور گردنواح میں تیز گردآلود ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ کوئٹہ،تفتان شاہراہ پر گردآلود ہواؤں سے ٹریفک کی روانی جزوی طور متاثر رہی۔بلوچستان کے ضلع چمن میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری سے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
نائی، شاہرگ و گردونواح میں گرچ چمک کے ساتھ موسلادار بارش کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا بارش کے ساتھ شدید ژلہ باری سے فصلات کو شدید نصان پہنچا ہے،ہرنائی و گردونواح میں بارش کچے مکانات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔دکی میں دو دنوں سے جاری بارش سے کلی ناصر آباد،حاجی انار ناصر،کلی دکی،کلی ملک علی محمد ناصر سمیت مختلف علاقوں میں مکانات منہدم ہوگئے کلی نصیب آباد میں گرلز پرائمری اسکول کی دیواریں اور کمروں کی چھتیں گر گئی۔
لورلائی کے گر دنوح میں بارش اور برفباری سے سردی دوبار ہ لوٹ آئی قلات شہر اور گردونواح میں ہلکی برف باری پڑنے سے ٹھنڈ ی ہوائیں چلنے لگیں۔ سبی اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج و چمک کیساتھ موسلا دار بارش اور ژالہ باری ہوئی پہاڑی علاقوں میں طوفانی بارشوں کے باعث دریائے ناڑی میں اونچے درجے کا سیلابی ریلہ گزر رہا ہے ایکسین ایری گیشن اشوک کمار کے مطابق دریائے ناڑی میں سبی ہیڈ ورکس کے مقام پر 95000کیوسک سیلابی ریلہ گزر رہا ہے تاہم پانی کے بہاو میں مذید اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ اب پاشی دریائے ناڑی سے ملحقہ علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کردیا۔ بلوچستان کے ضلع سنجاوی کے مختلف علاقوں میں برف باری اور بارش سے ندی نالیوں میں طغیانی آگئی کچے مکانات اور دیواریں منہدم ہوگئیں ڈیمز میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، سوراب میں ہلکی برفباری ہوئی جبکہ یونین کونسل ماراپ میں دو انچ تک برف پڑی جسکی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا۔ ڈیرہ مرادجمالی اور ملحقہ علاقوں تیز ہواؤں گرج چمک کے ساتھ بارش،جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری ہوئی جس نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔
قلعہ سیف اللہ میں بارش سے مکان کی چھت گرنے سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ زیارت میں چھ انچ برفباری ریکارڈ کی گئی ضلعی انتظامیہ نے شاہواں پر آمدورفت بحال رکھنے کیلئے نمک پاشی کی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ،مستونگ،پشین،بولان،قلات اور دیگر علاقوں میں مزید بارش کاامکان ظاہر کیا ہے جبکہ قلات،سبی،نصیر آباد،ژوب،زیارت،پشین، سبی اور بارکھان میں بھی بارش متوقع ہے،اس دوران بعض مقامات پرموسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ ژوب،سبی،لورالائی،بارکھان اورموسی خیل میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔