|

وقتِ اشاعت :   March 6 – 2020

کوئٹہ: وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کی دونوں وزراء اعلی کے مابین باہمی دلچسپی کے امو ر خاص طور سے کرونا وائرس کی روک تھام اور تدارک سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں وزراء اعلی نے اتفاق کیا کہ بلوچستان اور سندھ کورونا وائرس اور زائرین سے متعلق معلو مات کاتبادلہ کریں گے دونوں وزراء اعلی کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی روک تھام اور تدارک قومی مسئلہ ہے جس سے ملکر نمٹا جائے گا جبکہ دونوں وزراء اعلی نے کرونا وائرس کی روک تھام اور احتیاطی تدابیر کے لئے اپنے اپنے صوبے میں جاری اقدامات سے متعلق آگاہی دی۔

وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ ایران سے آنے والے زائرین کو تفتان بارڈر پر 14 دن قرنطینہ میں رکھا جا ر ہا ہے اور تفتان میں زائرین کی اسکریننگ اور انہیں تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں، دونوں وزراء اعلی نے ملاقات میں سندھ کے زائرین کی انکے علاقوں میں واپسی سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ زائرین کی سندھ واپسی کے عمل میں دونوں صوبوں کے متعلقہ حکام کوارڈینیشن کرینگے۔

وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نے کہا کہ ایران اور چین سے گزشتہ دنوں سندھ واپس آنے والے 23 سو افراد کی نشاندہی ہو ئی ہے جبکہ واپس آنے والے افراد سے رابطہ کیا گیا ہے، وزیراعلی سندھ نے کہا کہ واپس آنے والے افراد میں کھانسی بخار اور دیگر علامات کی صورت میں انکے ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کے ایک نو تعمیر شدہ 140 بستروں کے اسپتال کو آئسو لیشن سینٹر میں تبدیل کیا گیا ہے، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ تفتان میں زائرین کی دیکھ بھال اور سہولتوں کی فراہمی کے لئے بلوچستان حکومت کے اقدامات پر قابل تعریف ہیں۔