ڈیرہ اللہ یار: نیشنل پارٹی کے سربراہ و سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی جاگیردارانہ اور سرمایہ دارانہ نظام کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے کارکن پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جاگیرداری نظام کے خاتمے کے لیے کارکنوں کو نیشنل پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچانا ہوگا۔
بلوچستان کا گرین بیلٹ جعفرآباد جاگیرداری نظام کے باعث تباہ ہوتا جارہا ہے غریب کاشتکار شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو کر رہ گئے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل ہال ڈیرہ اللہ یارمیں منعقدہ جعفرآباد صحبت پور ورکر کانفرنس بنام عالمی یوم خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ 70سالوں سے اقتدار میں رہنے اور کھربوں روپے کے فنڈز ملنے کے باجود جعفرآباد کی حالت زار دن بدن ابتر ہوتی جارہی ہے عوام کو پینے کے صاف پانی تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں ہیں تعجب ہوتا ہے کہ کھربوں روپے کے فنڈز کہاں خرچ کیے گئے ہیں نیشنل پارٹی کو مختصر وقت کے لیے حکومت ملی تو ہم نے اپنے حلقوں میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے جن سے عوام کا معیار زندگی بلند ہوا ہے۔
ایک بار جعفرآباد سے نیشنل پارٹی کو آزمایا جائے تو ہم جعفرآباد کے عوام کی تقدیر بدل کے رکھ دینگے انکا کہنا تھا نیشنل پارٹی رنگ و نسل مذہبی و صنفی تفریق پر یقین نہیں رکھتی ہے کانفرنس سے سینیٹر کبیر احمد محمد شہی سینٹرل کمیٹی کے رکن کامریڈ محمد رفیق کھوسہ بی ایس او کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات نعیم بلوچ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔