|

وقتِ اشاعت :   March 8 – 2020

چمن :  پاک افغان سرحدی شہر چمن میں لیویز کی گاڑی کے قریب موٹرسائیکل میں نصب بم کا زور دار دھماکے میں 9افراد زخمی ہوگئے ہیں، تحصیلدار اور رسالدار لیویز معجزانہ طور پر محفوظ رہے، زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، دھماکے میں لیویز کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا، دھماکے سے چمن میں خوف و ہراس پھیل گیا، سیکورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔

اطلاعات کے مطابق چمن شہر کے علاقے مرغی بازار میں لیویز لائن کے علاقے میں موبائل مارکیٹ کے سامنے لیویز کی گاڑی کے قریب موٹرسائیکل میں نصب بم کا زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 9افراد زخمی ہوگئے تاہم تحصیلدار عبدالرزاق ترین اور رسالدار میجر نصیب اللہ اچکزئی معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ دھماکے سے پورا چمن شہر لرز اٹھا۔ دھماکے کے بعد جائے وقوعہ کو لیویز فور س اور پولیس فورس نے اپنے گھیرے میں لیکر شواہد اکھٹے کئے۔

ایم ایس ڈاکٹر عصمت اللہ اچکزئی کے مطابق بم دھماکہ میں سول ہسپتال میں 9 زخمی لائے گئے جس میں دو کی حالت تشویشناک تھی جن کی حالت اب خطرے سے باہر ہیں بم دھماکے میں کئی دوکانوں کے شیشے ٹو ٹ گئے اور بم دھماکے میں رسالدار میجرلیویز نصیب اللہ اچکزئی کی گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ دھماکے کے فوراً بعد شہریوں کی بڑی تعداد نے سول ہسپتال کا رخ کیا اور اپنے پیاروں کی تلاش کرتے رہے۔

مرکزی انجمن تاجران ودوکانداران کے ضلعی چیئرمین وصوبائی نائب صدر حبیب اللہ اچکزئی،ضلعی صدر حاجی جمال شاہ اچکزئی،سٹی صدر حاجی واحد اچکزئی اوردیگر انجمن تاجران کے ضلعی صدر ومظلوم اولسی تحریک کے جنرل سیکرٹری صادق خان اچکزئی اوردیگرنے چمن لیویز جیل کے ساتھ مرغی بازار بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور سیکورٹی اداروں واعلیٰ حکام سے مطالبہ کیاکہ وہ پوری طورپر بم دھماکے کی تحقیقات کرکے ملوث عناصر کو پوری طورپر منظر عام پر لائے اوراسطرح بم دھماکوں کی روک تھام کیلئے لائحہ عمل طے کیاجائے تاکہ چمن میں بم دھماکوں کی روک تھام ممکن ہوسکے اور زخمیوں کی بہتر علاج ومعالجہ کامطالبہ کیاہے۔