بھاگ: ایکسین پی ایچ ای کچھی واٹر پلین اسکیم ڈیرہ مرادجمالی تا بھاگ اخباروں میں بیان دینا جھوٹ کا پلندہ ہے ایکسین پی ایچ ای کچھی واٹر سپلائی پلین اسکیم ڈیرہ مراد جمالی تا بھاگ بجائے اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور عوام کو ریلیف دینے بھاگ شہر اور گردونواح کے عوام زخموں پر نمک پاشی کررہے ہیں۔
ایکسین کچھی واٹر پلین کے اس غیر ذمہ دارانہ بیانات اور ان کے اس طرز عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں انہوں نے اخباروں میں بیان جاری کیا ہے کہ بھاگ میں پینے کے پانی کا مسلہ حل کردیاگیا ہے ایگزیکٹیو انجینئر کچھی واٹر پلین ڈیرہ مراد جمالی تا بھاگ کے اس بیان کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں اور اس کے اس بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں موصوف ایکسین کچھی واٹر پلین اسکیم اس طرح کے بیانات جاری کرکے حکام بالا کو یہ تاثر دے رہے ہیں کہ بھاگ شہر میں پینے کا پانی مسلہ حل ہوچکاہے جوکہ سورج کو انگلی سے چھپانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔
ایکسین اپنے میگاکرپشن کو چھپانے کیلئے اس طرح غلط حربے اور پروپگینڈہ کرکے بھاگ کے پینے کے پانی کے مسلے کو دبا نہیں سکیں گے ان خیالات کا اظہارآل پارٹیز کے رہنماؤں جمعیت علماء اسلام کے صوبائی رہنما حافظ عبدالرشید گویا،نیشنل پارٹی کے صدر غلام قادر مندرانی،پیپلز یوتھ آرگنائزیشن ضلع کچھی کے صدر محمد فضل ساسولی،بی ایس او (پجار) بھاگ کے صدر سعداللہ بلوچ،جمعیت علماء اسلام تحصیل بھاگ کے امیر حافظ محمد یوسف گویا،بی این پی (مینگل) کے ملک اسداللہ بنگلزئی،بی این پی (عوامی) ضلع کچھی کے آرگنائز میر داد جان بنگلزئی،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی رہنما ہدایت اللہ عاجز،پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما حسین بخش سولنگی،سوشل ورکر کامریڈ نعیم بلوچ دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔
انہوں نے کہاکہ بھاگ شہر کے پینے کے پانی کے حوالے سے ایکسین کچھی واٹر پلین اسکیم ڈیرہ مراد جمالی تا بھاگ کا اخباروں میں یہ بیان جاری کرنا کہ بھاگ کے پینے کا پانی کا مسلہ حل کردیاگیاہے جوکہ سورج کو انگلی سے چھپانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں اور موصوف ایکسین کا یہ بیان غیر ذمہ دارانہ اور بھاگ کے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کرکے موصوف نے عوام کیساتھ کھلا مذاق کیاہے اور اس سے لگتاہے کہ ایکسین اپنے عہدے اور اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھاکر عوام کے حقوق کو اپنے پاؤں تلے روند کر عوام کا معاشی قتل کررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ایکسین پی ایچ ای کچھی واٹر پلین اسکیم ڈیرہ مراد جمالی تا بھاگ نے جو اخباری بیان جاری کیا ہے اس کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں اس کے اخباری بیان پر شدید ردعمل اور احتجاج کیاجائیگا کیونکہ موصوف نے کروڑوں روپے کے میگا کرپشن میں ملوث ہے اور اپنے کرپشن اقرباء پروری کو مزید طول دینے کیلئے غیر ذمہ دارانہ اخباری بیان جاری کرکے صرف اور صرف حکام بالا کو غلط تاثر دے کر کہ بھاگ شہر میں پینے کے پانی کا مسلہ حل ہوگیا ہے۔
سوائے جھوٹ،پروپگینڈہ اور کرپشن کے سوا کچھ بھی نہیں ہے انہوں نے کہاکہ موجودہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے بھاگ کے پینے کے پانی کیلئے کروڑوں روپے فراہم کیئے گئے تھے وزیراعلیٰ کے کروڑوں روپے کو بھی موصوف ایکسین نے اپنے کرپشن کا نظر کردیاہے اور الٹا اخباری بیان جاری کرتاہے کہ بھاگ شہر کے پینے کے پانی کا مسلہ حل ہوچکاہے جوکہ تمام حقائق کے برعکس ہے آج بھی بھاگ کے عوام کا دیرینہ مسلہ جوکہ پینے کے پانی کا ہے وہ جوں کا توں ہے۔
حالانکہ ڈیرہ مراد جمالی تا بختیار آباد ونیشنل ہائی وے پر واٹر سپلائی پمپ لائنوں سے درجنوں غیر قانونی کنکشن لگے ہوئے ہیں ان غیر قانونی کنکشنز بھی ایکسین کے رضامندی اور ان کی ملی بھگت سے لگائی گئی ہیں جن سے باقاعدہ طور پر منتھلی لیاجاتاہے اور اس لائن سے لوگ اپنی زمینوں کو سیراب کرارہے ہیں۔
ایکسین کچھی واٹر پلین اسکیم بھاگ کے عوام کے پانی کے فراہمی کے حوالے سے جدوجہد اور تحریکیوں کو کوسبوتاز کرناچاہتے ہیں لیکن ہم ایکسین کچھی واٹر پلین اسکیم پر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ وہ بھاگ شہر کے پینے کے پانی کے حوالے سے اپنے ایک اخباری بیان کے ذریعے ہماری جدوجہد کو ناکام نہیں کرسکتاہے ایکسین پی ایچ ای کے اس غیر ذمہ دارانہ رویے پر بھرپور احتجاج کرکے انھیں مزید کرپشن اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے نہیں دینگے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان،گورنر بلوچستان،صوبائی وزیر پی ایچ ای،سیکرٹری پی ایچ ای،تحقیقاتی اداروں سمیت کمشنر نصیر آباد سے مطالبہ کیاکہ کروڑوں روپے کے خردبرد اور کرپشن کی تحقیقات کرکے بھاگ شہر کے عوام کو پینے کا پانی فراہم کیاجائے۔