|

وقتِ اشاعت :   March 10 – 2020

خضدار :  ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس قلات رینج آغا محمد یوسف نے کہا ہے کہ عوام کے تعاون کے بغیر جرائم کو روکنا ممکن نہیں،اگر آج خضدار میں امن قائم ہے تو یہ پولیس سمیت تمام فورسز کی قربانیوں اور عوام کی بھر پور تعاون کا نتیجہ ہے،منشیات کا کاروبار کرنے والے انسانیت کے دشمن ہے اور رشوت لیکر اپنی دنیا و آخرت تباہ کرنے والے کبھی سکون حاصل نہیں کر سکتے،شہداء کے لواحقین پولیس فیملی کا حصہ ہے ان کے مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

سیاسی جماعتوں و عوام کا مشکور ہیں کہ انہوں نے ہمیشہ پولیس کے ساتھ تعاون کیا،عوام کے شکایات اور تجاویز پر ضرور غور کیا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی جی پولیس بلوچستان کی ہدایت،ایس ایس پی خضدار کی میزبانی میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا کھلی کچہری میں وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون خصوصی آغا شکیل احمد درانی،ایم پی اے میر محمد اکبر مینگل،ڈپٹی کمشنر خضدار ڈاکٹر طفیل احمد بلوچ،ایس ایس پی خضدار گل سید خان آفریدی سمیت عوام الناس،مختلف سیاسی جماعتوں کے علاقائی عہدیداران،سماجی کارکنان،پولیس شہداء کے لواحقین،پولیس آفیسران و سابق بلدیاتی نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے مختلف سوالات پوچھے گئے عوام نے اپنی شکایات سے ڈی آئی جی پولیس کو آگاہ کیا اور شہر کے امن و امان کو مزید بہتر بنانے کے لئے تجاویز بھی دئیے ڈی آئی جی پولیس قلات رینج آغا محمد یوسف نے تمام سوالات کا جواب دئیے اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ عوام پولیس کے آنکھ اور کان ہوتے ہیں عوام کے تعاون کے بغیر وہ مقاصد حاصل نہیں کئے جا سکتے جو حاصل کرنا چاہیئے اگر آج قلات ڈویژن خصوصاً خضدار میں امن ہے لوگ پرا من طریقے سے زندگی بسر کر رہے ہیں۔

معاشی و سیاسی سرگرمیاں جاری ہیں یہ سب عوام کا فورسزکے ساتھ تعاون ہی کی بدولت ممکن ہوئی اس لئے آئی جی بلوچستان یہ چاہتے ہیں کہ عوام اور پولیس کے درمیان روابط ضروری ہے آج کی کھلی کچہری اس کا ایک حصہ ہے ڈی آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ کالی بھیڑیئے ہر جگہ چھپے ہوتے ہیں ان کی حوصلہ شکنی کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے رشوت لینے والے عناصر کو نہ یہاں سکون میسر ہے اور نہ ہی آخرت میں سکون ہو گا پولیس سے متعلق اگر کسی کو شکایت ہیں تو ہم فوری تحقیقات اور کارروائی کرینگے کیونکہ ایسے عناصر نہ صرف عوام کے لئے پریشانی کا باعث ہوتے ہیں بلکہ ایسے عناصر کی وجہ سے محکمہ کی بھی بد نامی ہوتی ہے کسی بھی ایسی شکایت کی صورت میں عوام کے لئے ہمارے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر،اشتہاری ملزمان،اور منشیات فروخت کرنے و اسٹریٹ کرائم کے خلاف پولیس عوام کی تعاون سے بھر پور کارروائیاں کر چکی ہے اور آئند بھی کرتے رہیں گے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ منشیات کا کاروبار کرنے والے انسانیت کے دشمن اور شہر میں امن و امان کو خراب کرنے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں شہید پولیس جوانوں کے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈی آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ شہداء کی فیملی پولیس فیملی کا حصہ ہے قانونی دائرہ میں رہ کر ان کے مسائل حل کرنا ہماری زمہ داری ہیں قلات ڈویژن میں جتنے بھی پولیس کے جوان و آفسران شہید کئے گئے ہیں۔

ان میں سے کسی کا بھی کوئی کیس زیرالتوا نہیں خضدار شہر میں ڈبو،سنوکر اور ویڈیو گیم مالکان کم عمر بچوں کو اپنی دکانوں میں داخل ہونے نہ دیں اور خصوصا سکول اوقات میں تو زیادہ محتاط رہے اس متعلق عوامی شکایات پر سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی خضدار شہر میں پولیس کے ساتھ ضلعی انتظامیہ لیویز فورس کا بھی بھر پور ساتھ ہے اور ہم مشترکہ طور پر ایسے معاملات سے نمٹ رہے ہیں۔

مجموعی طور پر امن و امان میں قانون نافذکرنے والے اداروں سمیت تمام فورسزکی قربانیاں شامل ہیں ان سب کی قربانیوں کی بدولت آج خضدار کے شہری پر امن طریقے سے اپنی معمولات نمٹا رہے ہیں میں سیاسی جماعتوں کے علاقائی قائدین،عوام الناس،منتخب نمائندوں کا مشکور ہوں کہ وہ آج کھلی کچہری میں شریک ہوئے اور اپنی خیالات کا اظہار کیا اور پولیس کو بہترین تجاویز دئیے میں یقین دلاتا ہوں کہ ان کے با عمل تجاویز پر ضرور غور کیا جائے گا۔