|

وقتِ اشاعت :   March 11 – 2020

کوئٹہ: مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بلوچستان میں داخل ہونے سے صوبے طول وعرض میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا،زیارت،قلات، قلعہ عبداللہ اور چاغی میں برف باری بھی ہوئی محکمہ موسمیات نے آج کوئٹہ سمیت بلوچستان کے متعدد اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایران سے آنے والی مغربی ہواوں کے ساتھ بلوچستان میں داخل ہونے والے بادلوں کے باعث صوبے میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران دالبندین میں 12، کوئٹہ، نوکنڈی، پنجگور 02، قلات اور سبی میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ تاہم منگل کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں بارش اور برف باری ہوئی پیر کی شب کوئٹہ میں شروع ہونے والے بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے منگل کی شب تک جاری رہا بارش سے کچھ علاقوں میں برساتی پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔

جبکہ بارش کے پانی سے جل تھل ہوگئیں سبی،ہرنائی،بولان،قلات،مستونگ،موسی خیل،لورالائی،قلعہ سیف اللہ میں بھی بارش سے جل تھل ہوگیا، قلات،زیارت اور قلعہ عبداللہ میں برف باری سے موسم سرد ہوگیا،زیارت شہر میں پانچ انچ جبکہ پہاڑوں میں چھ سے سات انچ تک برف ریکارڈ کی، بلوچستان کے ضلع چاغی سے متصل پاک افغان سرحدی علاقہ برابچہ اور سرحدی پہاڑی علاقوں میں برف باری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

دالبندین اور دیگر مضافاتی علاقوں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کا سلسلہ منگل کو بھی جاری رہا۔ بلوچستان کے ضلع خانوزئی کے علاقے غرشینان، دمڑان رود ملازئی، کان مہترزئی،خانوزئی،بلوزئی چرمیان میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ بلوچستان کے ضلع ہرنائی، شاہرگ و گردونواح میں موسلادار بارش ندی نالوں میں طغیانی آنے سے قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی جزو طور پرمعطل ہوگی۔

مانجھی پور اور گردونواح میں تیز ہوا اور گرج چمک کے کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا بلوچستان کے ضلع قلات میں ہلکی بارش جبکہ سیاحتی مقام کوہ ہربوئی میں برفباری ہوئی جوکہ وقفے وقفے سے شام تک جاری رہی بارش اور برفباری کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا۔