|

وقتِ اشاعت :   March 11 – 2020

خضدار :  کمشنر قلات ڈویژن حافظ طاہر نے کہا ہے کہ حکومت زیر زمین سطح آب کو برقراررکھنے و زراعت کے ترقی و فروغ کے لئے مختلف ڈیموں پر اربوں روپے خرچ کررہی ہے ۔

اناری ڈیم خضدارکی تکمیل سے خضدار شہر میں سطح آب برقرار رکھنے میں کافی مدد ملیں گی اور زراعت کے شعبے سے وابسطہ زمینداروں کو بھی فائدہ پہنچے گا ان خیالات کا اظہار کمشنر قلات ڈویژ ن نے اناری ڈیم کے معائنہ کے موقع پر کیا ۔

اس موقع پر ایس ڈی او ایریگیشن خضدار انجینئر نسیم اقبال مینگل ایس ڈی او سب ڈویژن نال انجینئر ارشاد علی پی ایس کمشنر قلات ڈویژن عبدالحفیظ جتک ٹھیکیدار انجینئر نورالحق مینگل و دیگر بھی موجود تھے بریفنگ میں انجینئر نسیم اقبال مینگل نے بتایا کہ 12کروڑ روپے کی خطیر رقم سے 2017میں اناری ڈیم منصوبے پر کا م کا آغاز ہوا جوکہ حال ہی میں پایہ تکمیل کو پہنچا اناری ڈیم میں 1780ایکڑ فٹ پانی اسٹور کرنے کی گنجائش موجود ہیں جس سے چار سو سے زائد خاندان مستفید ہونے کے علاوہ آس پاس کے تمام ٹیوب ویلز بھی ری چارج ہونگے ضلع خضدار میں مختلف ڈیموں پر ایریگیشن کے ماہر انجینئرز کے زیر نگرانی کام جاری ہیں ۔

کمشنر قلات ڈویژن نے کہا کہ بلوچستان کے زیادہ تر افراد کا زریعہ معاش زمینداری اور مال مویشی پالنے پر منحصر ہے ان ڈیموں کی تکمیل سے نہ صرف زمینداروں بلکہ مالداروں کو بھی روز گار کے اچھے مواقع میسر آئیں گے اناری ڈیم خضدارکی تکمیل سے یہاں کے رہنے والے خوشحالی کی ایک منزل کی طرف گامزن ہونگے حکومت بلوچستان جہاں بھی ممکن ہوسکے خطیر رقم سے مختلف ڈیموں کی تکمیل کی طرف کوشاں ہے ۔

کمشنر قلات دویژن نے ہدایت کی کہ ضلع خضدار سمیت قلات ڈویژن میں جو ڈیمز شروع کئے گئے ہیں ان کی اعلیٰ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ بلوچستان میں زرعی انقلاب کے ساتھ یہاں کے عوام کا معیار زندگی بلند ہو۔