|

وقتِ اشاعت :   March 14 – 2020

خضدار: جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سرپرست اعلیٰ وسابق رکن قومی اسمبلی مولانا قمرالدین،جے یوآئی کے مرکزی کونسل کے رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری، جے یوآئی خضدار کے جنرل سیکریٹری مولانا عنایت اللہ رودینی، جے یوآئی خضدار تحصیل کے امیر مولانا محمد اسحاق شاہوانی، مولانا عبدالصمدق قاسمی شاہوانی و دیگر نے جے یوآئی کی مرکزی مجلس عمومی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے۔

کہ جے یوآئی صالح منصفانہ نظام کے قیام کے لئے روزِ اوّل سے کوششیں کررہی ہے تاکہ ملک میں عوام کی رائے کی اہمیت ہو، ان سے انصاف کا برتاؤ ہو ملکی دولت منصفانہ انداز میں قوم کے افراد پر تقسیم ہوں۔ چھوٹے صوبوں کے عوام کی داد رسی ہو۔ بلوچستان اس وقت ملک کا پسماندہ صوبہ ہے جہاں عوام کو زندگی کی سہولیات میسر نہیں ہیں وفاق میں ایک ایسی حکومت آئی ہے جوقوم کی امنگوں کی ترجمانی کی اہلیت نہیں رکھتی ہے۔

آ ج ملک عجیب صورتحال قائم ہے مہنگائی بے روزگاری عروج پر ہے۔ قوم پر ٹیکسوں کے انبار لگادیئے گئے ہیں۔ پوری دنیاء میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہورہی ہیں تاہم پاکستان میں موجودہ حکومت تیل سے مذید پیسہ بنانے کے چکر میں ہے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کا ریلیف عوام کو دینے کے لئے تیار نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یوآئی تحصیل خضدار کی جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں تحصیل بھر کی عمومی کے سینکڑوں اراکین نے شرکت کی اور اپنے یونٹس کی کار کردگی رپورٹ پیش کیئے۔

اجلاس سے جے یوآئی بلوچستان کے نائب امیر مولانا محمد صدیق مینگل جے یوآئی تحصیل خضدار کے جنرل سیکریٹری مولانا جلیل احمد محمد شہی، حافظ عبدالحفیظ قلندرانی، مفتی عبداللہ قلندرانی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ ملک اسلام کے نام پر بنا تھا لیکن آج اس ملک کو آئین کے بر خلاف سیکولر ازم کے طرز پر چلایاجارہاہے۔ ملک میں افراتفری کا ماحول قائم کرنے کی پوری کوششیں کی جارہی ہیں۔

حالیہ دنوں میں خواتین آذادی مارچ کے حوالے سے جو طوفان ملک میں برپاء کیا گیا وہ ملک کے اقدار کے بالکل برخلاف تھے۔ ملک کو قانون اور آئین کے مطابق چلایا جائے اس ملک کانام اسلامیہ جمہوری پاکستان ہے اسی نام کو عملی طور پوری دنیاء میں متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔ جے یوآئی کی مجلس عمومی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ جے یوآئی آئندہ بلدیاتی الیکشن کے لئے بھر پور تیاریوں میں مصروف عمل ہے۔

آنے والے بلدیاتی الیکشن میں جمعیت تمام حلقہ جات سے مقابلہ کریگی اس حوالے سے تمام کارکنوں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اپنے یونٹس میں بلدیاتی الیکشن کے لئے تیاریوں کو جاری رکھیں اور عوام کو جے یوآئی کے پیغام اور پروگرام کے حوالے سے آگاہ کردیں۔