کوہلو : ڈپٹی کمشنر کوہلو عبداللہ کھوسہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو رونا وائرس کی روک تھام کیلئے پر عزم ہے کورونا وائرس کے خاتمے کیلئے سب نے انتظامیہ کا ساتھ دینا ہوگا وائرس سے نمٹنے کیلئے ڈسٹرکٹ کے عوام قبائلی عمائدین علماء کرام اور انتظامیہ پوری طرح تیار ہے کورونا وائرس پر انتظامی غفلت عوام کی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہوگا جس سے کسی صورت برداشت نہیں کریں گے عالمی مرض کو مات دینے کیلئے سب نے اپنا فرض نبھانا ہوگا۔
یہ بات انہوں نے اپنے آفس میں ملنے والے ہوٹل ایسوسی ایشن اور انجمن تاجران کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی اس موقع پر رسالدار میجر لیویز شیر محمد مری،ایس ایچ او غلام فرید بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے انتظامات تسلی بخش ہے،دکانداراور تاجر برادری ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں ورنہ منافع خوروں کیخلاف ایکشن لیتے ہوئے ان پر بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے۔عوام انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر صوبے میں دفعہ 144نافذ کرکے عوامی اجتماعات، ہوٹلوں، سینما اور شادی ہالز پر پابندی لگادی گئی ہے عالمی وباء کو ہم قومی یکجہتی اور ثابت قدمی سے ہی شکست دے سکتے ہیں ہوٹل مالکان صفائی کا خاص خیال رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر پر فوری عمل کریں اور ایک جگہ پر زیادہ لوگوں کو بیٹھانے سے گریز کریں ورنہ سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
انہوں نے کہا کہ ضلع کی تاجر برادری بھی عالمی وباء کیخلاف آگہی مہم میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں دکانداروں کو چاہئے کہ وہ گاہکوں سے ہاتھ اور بغل گیر ہوئے بغیر سلام کیا کریں،انہیں احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی فراہم کریں دکانوں میں لوگوں کو فضول بٹھانے سے اجتناب کریں گاہکوں سے پیسے لیتے وقت ہاتھوں میں گلوز پہنا کریں ڈسٹرکٹ میں کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر دکانوں کو سیل کرنے کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں ہے دکاندار اپنی اور عوام کی صحت کا خیال رکھیں۔