|

وقتِ اشاعت :   March 20 – 2020

کوئٹہ : وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محترمہ زبیدہ جلال نے کہا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں نے ملک میں دہشت گردی،انتہاپسندی کے خاتمے اور ملکی استحکام،ترقی وخوشحالی کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔

وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں پاک فوج کے جوانوں کی دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز دتہ خیل میں پاک فوج کی جانب سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کئے جانے والے آپریشن کے دوران آفیسر سمیت چار جوانوں نے جام شہادت نوش کی اور وہاں چھپے سات دہشت گردوں کو بھی مار ڈالا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کے روز”اے پی پی“ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر محترمہ زبیدہ جلال نے کہا کہ دہشت گردپاکستان کی ترقی وخوشحالی کا عمل روکنے کیلئے پاک فوج اور عوام پر حملے کرتے ہیں، تاہم پاک فوج نے وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے مذموم مقاصد ناکام بنادئیے۔ انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران فوجی آفیسر سمیت چارجوانوں نے جام شہادت نوش کی۔

تاہم فوجی آفیسران اور جوانوں کی قربانیوں پر فخر ہے۔انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کے دشمن ممالک سی پیک منصوبے کو کامیاب ہوتا دیکھنا نہیں چاہتے۔تاہم پاک فوج اور عوام ان ملک دشمن عناصر کے عزائم سے بخوبی واقف ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیاں بے نظیر ہیں۔