ڈیرہ اللہ یار: وزیراعلیٰ جام کمال خان نے کہا ہے کہ کورنا وائرس سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیروں پر سختی سے عملدرآمد کرنا ہوگا کرونا وائرس بہت بڑی آفت ہے معمولی غلطی سے آفت پھیل گئی تو اس کو کنٹرول کرنا بس سے باہر ہوگا۔
ہمارے صحت کے شعبے اتنے مستحکم نہیں ہیں تاہم دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے وبا کے روک تھام کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں ڈیرہ اللہ یار میں چار روز میں قائم ہونے والے ڈویڑنل سطح کے قرنطینہ سینٹر کے دورہ کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ جام کمال خان کا کہنا تھا کہ یہ تاثر سراسر غلط ہے کہ کورونا وائرس صرف ایران سے آنے والے زائرین کے ذریعے پھیل جائیگا گزشتہ 20 روز میں بیرون ممالک سے 9 لاکھ افراد پاکستان آئے ہیں یہ افراد ان ممالک سے آئے ہیں۔
جہاں کورونا وائرس کے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں بیرون ممالک سے آنے والے تمام افراد کی اسکریننگ کی جائے اور احتیاطی طور پر آنے والوں کو 14 روز تک قرنطینہ سینٹر میں رکھا جائے انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر کوئٹہ میں جزوی لاک ڈاون کا فیصلہ کیا گیا لاک ڈاون کی انحرافی کرنے پر سختی کی جائے گی۔
ایران سے آنے والے زائرین کو قرنطینہ سینٹر ڈیرہ اللہ یار میں رکھنے کے تاثر کو بھی وزیراعلیٰ نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایران سے آنے والے دیگر صوبوں کے زائرین کو کسی صورت ڈیرہ اللہ یار کے قرنطینہ سینٹر میں نہیں رکھا جائیگا یہاں صرف جعفرآباد اور صحبت پور اضلاع سے تعلق رکھنے والے زائرن کو احتیاطی طور پر 14 دن رکھا جائیگا جن کے کیسز پازیٹو آئیں گے ان کو شیخ زید اسپتال منتقل کرینگے نیگیٹو کیسز والوں کو گھروں کو جانے دیا جائیگا۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ لاک ڈاون کی صورت میں ڈیلی ویجز کے مزدور ضرور متاثر ہونگے تاہم ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے مزدوروں کی دس روز میں رجسٹریشن مکمل کرکے کم از کم ان کو دو ماہ کے لیے راشن پیکج دیا جائیگا تاکہ انکی کفالت ہوسکے انہوں نے کہا کہ قرنطینہ سینٹر فنکشنل ہونے کے بعد محکمہ صحت کو ٹیسٹنگ کٹس این 95 ماسک گاون ودیگر ضروری آلات و سہولیات آئندہ چند روز میں فراہم کیے جائیں گے جس طرح چین نے کورونا وائرس کا مقابلہ کیا۔
اسکی مثال دنیا میں نہیں ملتی ہمیں احتیاطی تدابیرون پر سختی سے عملدرآمد کرکے وبا کو شکست دیں گے عوام غیر ضروری نقل و حرکت اور مجمع کرنے سے گریز کرتے ہوئے گھروں میں ہی محدود رہ کر خود کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جس طرح معمولی غلطی سے اٹلی میں کورونا تیزی سے پھیلا ہے یہاں بھی معمولی غلطی سے بہت بڑے نقصان کا سامنا کرنے سے بہتر ہے کہ حکومتی احکامات پر عمل کیا جائے عمل نہ کرنے والوں پر سختی کی جائے وزیراعلیٰ کے قرنطینہ سینٹر کے دورہ پر کمشنر نصیرآباد عابد سلیم قریشی نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر محمد خان لہڑی اور رکن اسمبلی سکندر خان عمرانی بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے قرنطینہ سینٹر پہنچنے پر رکن قومی اسمبلی میر خان محمد جمالی رکن صوبائی اسمبلی میر جان محمد جمالی سابق صوبائی وزیر میر فائق علی جمالی نے انکا استقبال کیا۔