|

وقتِ اشاعت :   March 24 – 2020

خضدار :  کورونا وائرس کے پیش نظر و صوبائی حکومت کے فیصلہ کے مطابق خضدار میں لاک ڈاؤن کیا گیا لاک ڈاون کے موقع پر خضدار شہر کے تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز،شہر اور قومی شاہراہ پر قائم ہوٹلیں،آٹوز،ورکشاپس وغیر ہ بند رہے جبکہ بیکری،میڈیکل اسٹورز،پھل،دودھ فروش اور نان بائی کی دکانیں کھلی رہی۔

لیویز فورس کی جانب سے لاوڈ اسپیکروں کے زریعے اعلان کرتے ہوئے عوام،تاجر برادری سے اپیل کی گئی کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کے فیصلے کے مطابق شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی ہے،میڈیکل اسٹورز،بیکریز،نان شاپ،پھل اور دودھ فروش کے علاوہ تمام دکانیں 24 مارچ سے 7 اپریل تک بند رہیں گی۔

خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی مگر دوسری جانب لاک ڈاون کے دوران عوام کی جانب سے حکومتی احکامات پر عمل درآمد کم نظر آئی تاجروں اور شہریوں کی جانب سے حکامتی اقدام کو سنجیدہ نہیں لیا گیا بارہ بجے کا اعلان تھا بعد ازاں پولیس لیویز اور ایف سی حکام نے تاجروں اور شہریوں کو سختی سے تاکید کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ فوری طور حکومتی عمل داری کی پابندی کریں جس کے بعد دوکانیں بند کی گئیں۔

دوسری جانب،شہر میں پولیس،ایف سی اور لیویز کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی دریں اثناء سیاسی و عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ لاک ڈاون پر سختی سے عمل درآمد کروائیں اور عوام الناس سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے اور اپنے بچوں کی زندگیوں کی حفاظت کی خاطر خود کو گھروں تک محدود رکھیں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں،حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔