|

وقتِ اشاعت :   March 25 – 2020

مستونگ :  حکومت کی جانب سے کوروناوائرس سے بچاؤ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر مستونگ یاسراقبال بلوچ کی سربرائی میں قومی شاہراہوں پر واقع ہوٹلوں کے خلاف سخت کاروائی۔مختلف مقامات پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر ہوٹلوں کو سیل کر کے مالکان کو گرفتار کرلیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر یاسراقبال بلوچ نے کہاکہ کوروناوائرس کے خلاف صوبائی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے خصوصی اقدامات اور دفعہ 144پر ضلع انتظامیہ مسلسل عوام کو آگاہی فراہم کررہی ہیں اور اس حوالے سے شہر میں لاک ڈاون بھی کیاگیاہے۔جبکہ قومی شاہراہوں پر قائم ہوٹلوں کے خلاف بھی سخت کاروائی عمل میں لائی گئی ہے اور آج بھی قومی شاہراہ پر مستونگ سٹی کے قریب ہوٹل اور کھڈکوچہ کے علاقہ میں 7 ہوٹلوں کو سیل کردیا اور ہوٹل مالکان کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار کرلیا۔

انھوں نے کہاکہ کورونا وائرس کے روک تھام کیلئے عوامی مفاد میں اٹھائے گئے اقدامات پر سختی سے عمل در آمد کیاجائے گا اور قانون کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار اور بھاری جرمانے بھی کئے جائینگے۔انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا وائرس کو شکست دینے کیلئے بغیر ضروری وجہ گھروں سے نکلنے سے گریز کرتے ہوئے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔