سبی: سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی و سرپرست اعلیٰ انجمن تاجران سبی حاجی محمد داؤد رند نے کہا ہے کہ ملک بھر میں وبائی مرض کورونا وائرس کی وجہ سے ایمر جنسی نافذ ہے اور ملک بھر کی طرح سبی میں بھی ضلعی انتظامیہ کے حکم پر شہر کو لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے لوگ گھروں تک محدود ہوکررہ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سبزی اور فروٹ فروشوں کو شہر سے باہر نکال کرمیلہ گراؤنڈ منتقل کردیا گیا ہے جہاں پر کوئی بھی شخص سبزی اور فروٹ کی خریداری کیلئے تیار نہیں ہے جس کی وجہ سے سبزی اور فروٹ فروشوں کو نہ صرف نقصانا ت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے بلکہ ان کے گھر کا گزر بسر بھی مشکل ہوگیا ہے انہوں نے کہا کہ اگر یہی صورتحال رہی تو سبزی اور فروٹ فروش نہ تو شہر میں سبزی فروخت کریں گے اور نہ ہی مارکیٹ میں سبزی لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سبی غریب لوگوں کے مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے سبزی فروشوں کو لیاقت بازار بولان مارکیٹ نشتر روڈ پر سبزی اور فروٹ فروخت کرنے کی اجازت دیں۔