|

وقتِ اشاعت :   March 26 – 2020

کوہلو: کوہلو میں کورناوائرس کے پیش نظرتیسرے روز بھی مکمل لاک ڈاؤن رہا شہر کے تمام کاروباری مراکز شاپنگ مالز مارکیٹیں‘ہوٹلز اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ،اندرون صوبہ، انٹرا سٹی ٹریفک مکمل طور پر بند رہا تاہم میڈیکل سٹور، کریانہ سٹور،سبزی،گوشت،نان بائی کی دکانیں کھلی رہی ہیں۔

شہریوں نے بھی رضاکارانہ طورپر گھروں میں رہنے کو ترجیح دی ہے جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس و لیویز کی جانب سے سخت چیکنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا غیر ضروری افراد جو بغیر کسی کام کے شہر میں گھوم پھر رہے تھے انہیں سخت تنبیہ کی گئی جبکہ پولیس ولیویز کی بھاری نفری شہر میں گشت کرتے رہے۔

دفعہ 144کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس کی جانب سے کئی افراد کو گرفتار کیا ہے لاک ڈاؤن کے بعد شہر میں اشیاء خوردنوش کی قیمتوں میں اچانک اضافہ ہوا ہے0 2 کلو آٹے کا تھیلہ 1100روپے میں فروخت ہونے لگا ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں قائم آئسولیشن وارڈمیں تاحال صوبائی حکومت کی جانب ضروری آلات فراہم نہیں کئے ہسپتال میں ڈیٹول تک موجود نہیں ہے آئسولیشن وارڈ میں تھرمل گن‘اسکرینگ کٹ سمیت دیگر ضروری آلات نہ ہونے کی وجہ سے شہری اوراسپتال سٹاف سخت پریشان ہے۔