|

وقتِ اشاعت :   March 27 – 2020

کوئٹہ : اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ سٹی ندا کاظمی کا دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاون،کوئٹہ کے مختلف علاقوں سے 41 افراد کو گرفتار کرلیا گیا،کریک ڈاون کے دوران متعدد گراں فروشوں اور خلاف قانون کھلی ہوئی دکانوں کو بھی سیل کیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ سٹی ندا کاظمی نے جمعہ کو ”اے پی پی“کو بتایا کہ شہری دفعہ 144 کی خلاف ورزی نہ کرتے ہوئے گھروں میں رہیں، ورنہ خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف بلاامتیاز سخت کارروائی کی جائیگی اور کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی اور کار سرکار میں مداخلت پر دکانداروں سمیت دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رہے گا کیونکہ کروانا وائرس کا مقابلہ احتیاط اور رش والی جگہوں پر جانے سے اجتناب کر کے ہی کیا جا سکتا ہے اس لیے ناگزیر ہے کہ عوام الناس اپنے گھروں میں رہتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔