|

وقتِ اشاعت :   March 31 – 2020

خضدار: وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاونِ خصوصی آغا شکیل احمددرانی نے کہاہے کہ اس وقت جو نازک صورتحال وبائی مرض کورونا کی وجہ سے بلوچستان سمیت پورے ملک میں پیدا ہوئی ہے اس سے بچنے کے لئے ہمیں سیاسی اختلافات سے بالا تر ہو کر اقدامات کرنے وآگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

اس سلسلے میں سماج میں موجود مستحق خاندان وافراد کی مدد اوران کے سروں پر دست ِ شفقت رکھنے کے لئے مالی حیثیت رکھنے والے افراد سبقت حاصل کریں۔موجودہ مشکل صورتحال میں خدمت سرانجام دینا ہمارا ملی اور اسلامی فریضہ بھی ہے۔ عوام کو چاہیئے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کریں۔

یہ بات انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاونِ خصوصی آغا شکیل احمددرانی کا مذید کہنا تھا کہ میں نے اپنے بھائی سینیٹر آغا شہباز خان درانی رحمہ اللہ کے نام پرایک فلاحی اور رفاحی ادارہ شہباز ویلفیئر ٹرسٹ تشکیل دی ہے۔ اس پلیٹ فارم سے ہی مستحق افراد کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا ۔ جتنی اللہ تعالیٰ نے ہمیں توفیق دی ہے اپنی حیثیت کے مطابق ہی مستحق افراد کے خوراک کا بندوبست کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں دیگر مالی حیثیت رکھنے والے افراد سیاسی زعماء اور صاحب حیثیت رکھنے والے افراد سے بھی اپیل کرونگا کہ وہ بھی مستحق افراد اور ان کی راشن کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے اپنا تعاون جا ری رکھتے ہوئے ان کی مدد کریں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاونِ خصوصی آغا شکیل احمددرانی نے کہاہے کہ کرونا ایک عالمی وباء ہے جس نے پوری انسانیت کو اپنی لپیٹ میں لے رکھی ہے۔ترقی یافتہ ممالک اس وباء سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں ہمارے ملک میں وہ وسائل موجود نہیں کہ ہم اس سے نبرد ازما ہوسکیں۔

اللہ تعالیٰ سے رجوع کرنے، اپنے گناہوں کی معافی مانگے اور صدقہ کی کثرت کرنی چاہیئے۔یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک انتباہ بھی ہے کہ مسلمان اپنے گناہوں سے توبہ تائب ہوں انصاف کی پیروی اور ظلم سے اجتناب کریں۔ آغا شکیل احمددرانی نے کہاکہ ہمارے لوگ اس مرض کو سنجیدہ بھی نہیں لے رہے ہیں جو کہ نقصاندہ ثابر ہوسکتا ہے اس مرض کے خاتمہ کے لئے ضروری ہے کہ عوام حکومت کی بتائی ہوئی احتیاطی تدابیر اور ہدایات پر عمل کریں اور اپنے گھروں پر رہ کر اس عالمی وباء کو شکست دیں۔