کوئٹہ : صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے کہا ہے کہ زائرین کو قلات منتقل کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں حکومت کی جانب سے زائرین کے لیے مخصوص قرنطینہ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
جہاں انہیں رکھنے اور تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے عوام پہلے ہی کرونا وائرس کی وجہ سے پریشان ہیں غیر ضروری افواہیں پھیلاکر انہیں مزید پریشان کرنے والے نہایت غیرسنجیدہ رویوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں جو قابل افسوس ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ کرونا کا مسئلہ نہ سیاست کا مسئلہ ہے نہ ہی اسے پوائنٹ اسکورنگ کے لئے استعمال کیا جائے یہ وقت یکجا ہو کر اتحاد و اتفاق سے عالمی وبا کرونا وائرس کے خلاف لڑنے کا ہیں ہمیں ایک ہوکر اس وبا کا خاتمہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی روک تھام اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے جس میں عوام حکومت کا ساتھ دے رہی ہے لہذا اس حوالے سے منفی بیانات دے کر نہ عوام کو غیرضروری پریشان کیا جائے اور نہ ہی حکومتی اقدامات کی راہ میں حائل ہونے کی کوشش کی جائے صوبائی وزیر نے عوام سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ اس قسم کی افواہوں پر کان نہ دھریں اور حکومتی اقدامات پر بھروسہ کریں۔
،کرونا کا اب تک الحمدللہ قلات میں کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا،مقامی لوگ مطمئن رہیں،حکومتی سطح پر ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، عوام وائرس سے بچاؤ کی تمام احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنا کر اپنے آپ اور آس پاس کے لوگوں کو اس وبا سے محفوظ رکیھں۔