|

وقتِ اشاعت :   April 5 – 2020

تربت :  جمعیت علماء اسلام کے صوبائی رہنما حاجی حبیب الرحمن بلیدی نے کہاکہ حالیہ مشکل اورکڑے وقت میں عوام کو اپنے نام نہادنمائندے کہیں نظرنہیں آتے، لاک ڈاؤن اور حکومتی اقدامات سے عوام بھوک اورفاقوں کے شکارہورہے ہیں، عوام بھوک سے جنگ لڑرہے ہیں۔

حکومت ٹائیگرفورس بنانے میں مصروف ہے معلوم نہیں کہ ٹائیگرفورس کب تیارہوگی مگر حکومت کوجلدبھوک کے ہاتھوں مرنے والے غریب ودیہاڑی دار طبقوں کی لاشیں ملیں گی، ایسی بے حس اوربے رحم حکومت ہم نے کبھی نہیں دیکھاہے انہوں نے کہاکہ ایم پی اے، ایم این اے، منسٹرز، سینیٹرز ہسپتال کو ماسک تک مہیانہیں کرسکتے تو پھر وہ کس درد کے دواہیں انہیں مستعفی ہوجانا چاہیے

انہوں نے کہاکہ گزشتہ 2ہفتوں سے مکمل لاک ڈاؤن ہے مگرکسی غریب ودیہاڑی دارکو ایک کلو آٹا تک نہیں ملاہے، انہوں نے کہاکہ غریب کب تک بھوک سے جنگ لڑسکیں گے زندہ انسان کو تو دن میں کم ازکم ایک وقت کاکھانا تو چاہیے، انہوں نے کہاکہ حکومت مکمل طورپر غیرسنجیدہ ہے، ایک طرف ایران بارڈر سے لوگوں کی آمدورفت جاری ہے جس سے کرونا کے پھیلنے کے خطرات بڑھتے جارہے ہیں۔

دوسری طرف عوام گھروں میں بندہیں ان کا روزگار اورکاروباربند ہے آخر وہ کب تک گھروں میں قیدہوکر بھوک کامقابلہ کریں گے حکومت سنجیدگی کامظاہرہ کرے عوام کیلئے کچھ سوچے، ٹائیگرفورس کے نام پر وقت بربادکرنے کے بجائے حکومتی مشینری کومتحرک کرے اور ریلیف وامدادی سرگرمیاں شروع کرے۔