|

وقتِ اشاعت :   April 11 – 2020

کوئٹہ : بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے 3صوبائی وزراء اورایک پارلیمانی سیکرٹری نے اپنے عہدوں سے استعفے دینے کا اعلان کردیا ہے۔

ہفتہ کو بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی وزراء نورمحمد دمڑ،مٹھا خان کاکڑ،حاجی محمد خان طوراوتمانخیل،پارلیمانی سیکرٹری سردار مسعود لونی نے کوئٹہ میں مشترکہ ملاقات میں یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے عہدوں سے مستعفی ہوجائیں گے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ کے نام تحریر کردہ اپنے استعفوں میں لکھاہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے قیام کا مقصد صوبے کے عوا م کی بلا تفریق خدمت تھا لیکن صوبے کے پشتون اضلاع کو یکسر طور پر نظر انداز کیا جارہا ہے وزیراعلیٰ کے پاس15سے زائد محکموں کے قلمدان ہیں جبکہ کابینہ میں بھی پشتون وزراء کو ترجیح نہیں دی گئی لہذا وہ احتجاجاً اپنے عہدوں سے مستعفی ہورہے ہیں۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ چاروں رہنماوں نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے استعفے وزیراعلیٰ کے سامنے رکھیں گے اور انہیں اپنے مطالبات تسلیم کرنے پرقائل کریں گے اگرمذاکرات نہیں ہوپاتے تو انہوں نے مستقبل میں وزیراعلیٰ کیساتھ چلنے سے انکار کردیا ہے۔