وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت اور احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ حکومت نے احساس ایمرجنسی کیش کی 8171 ایس ایم ایس سروس مفت کردی ہے۔
ایمرجنسی کیش پروگرام میں عوام کو 8171 پر ایس ایم ایس کرنے کا کہا گیا تھا جس پر کروڑوں افراد نے اپنے کوائف بھیجے تھے۔ سوشل میڈیا پر حکومتی کی جانب سے ایس ایم ایس پر پیسوں کی وصولی پر سخت تنقید کی گئی تھی جس کے بعد اب یہ سروس مفت فراہم کردی گئی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت اور احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ٹوئٹ میں کہا کہ حکومت نے محنت کش بھائیوں کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے احساس ایمرجنسی کیش کی 8171 ایس ایم ایس سروس کو مفت کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب پروگرام میں شامل ہونے کیلئے موبائل بیلنس کے بغیر بھی ایس ایم ایس بھیجا جا سکتا ہے کیونکہ ہمیں اپنے محنت کش طبقے کا خیال ہے۔
ثانیہ نشتر نے کہا کہ رواں ہفتے محنت کش بھائیوں اوربہنوں سے بات چیت کے دوران مجھے معلوم ہواکہ ہمارے دیہاڑی دارطبقے کواحساس ایمرجنسی کیش پروگرام میں بذریعۂ ایس ایم ایس شامل ہونے کے طریقۂ کار کے متعلق مزیدآگاہی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے ویڈیو پیغام کے ذریعے احساس8171 سروس سے متعلق لوگوں کے سوالوں کے جواب بھی دیے۔
ثانیہ نشتر نے کہا کہ امداد لینے کیلئے موبائل سے پیغام بھیجیں، اہل قرار پاجائیں تو قریبی بینک سے رقم ملے گی، امدار لینے کیلئے طریقہ کار اپنانا لازمی ہے، حکومت آپ کو امداد ضرور مہیا کرے گی، مستحقین احساس پروگرام کی امداد کیلئے 8171 نمبر پر اپنا شناختی کارڈ نمبر بھیجیں، ایس ایم ایس میں امداد کا اہل قرار پانے والے دوسرے پیغام کا انتظار کریں۔
انہوں نے بتایا کہ اگر کوئی اہل قرار دیا جائے تو اسے 8171 سے ہی دوسرا ایس ایم ایس آئے گا، دوسرے ایس ایم ایس میں اہل افراد کو امداد دینے کی تاریخ بتائی جائے گی، 8171 کے علاوہ کسی بھی دوسرے نمبر سے آنے والا پیغام جعلی ہوگا، محتاط رہیں، اہل افراد کو پورے 12 ہزار روپے ملیں گے، کوئی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے جب تک لاک ڈاؤن کی صورتحال ختم نہیں ہوتی تک تب احساس پروگرام کے تحت مستحق ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو پیسےفراہم کیےجائیں گے۔