ڈیرہ اللہ یار: ڈیرہ اللہ یار میں ہندو نوجوانوں کی جانب سے لاک ڈاؤن کے متاثرین میں کھانے کی تقسیم کا عمل تیسرے روز بھی جاری رہا ہندو نوجوان کرتار بازیگر اور انکی ٹیم نے ایک ہزار افراد کے لیے پکا پکایا کھانا تیار کروا کر رکشے کے ذریعے شہر کے مختلف مقامات پر پہنچ کر روزانہ اجرت والے مستحق افراد کو انکی دہلیز پر کھانا پہنچایا۔
ہندو نوجوانوں کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے مزدوروں کے لیے مفت کھانے کی فراہمی کے لیے کسی بھی مخیر حضرات اور انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کا کوئی تعاون نہیں کیا گیا یہ سب ہم نوجوان اپنی جمع پونجی سے ممکن بنائے ہوئے ہیں انکا یہ بھی کہنا ہے کہ جب تک حکومتی سطح پر متاثرین کی امداد شروع نہیں ہوتی ہندو نوجوان بابا گرونانک کے نام پر اپنے شہر کے مزدور بھائیوں کی مدد کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں سختی آنے کے باعث مفت کھانے کی تقسیم کا اسٹال بند کردیا گیا اب رکشے کے ذریعے کھانا مزدوروں کو انکی دہلیز پر مہیا کررہے ہیں تاکہ سماجی دوری بھی برقرار رہے اور مزدوروں کی حقیقی طور پر امداد بھی ممکن ہوسکے۔