چاغی : چاغی میں غیر سرکاری ادارے ترقی فاؤنڈیشن نے ورلڈ فوڈ پروگرام کی معاونت سے مستحق افراد میں نقد رقوم تقسیم کرنا شروع کردی۔ ادارے کے حکام کے مطابق اس پروگرام سے چاغی اور واشک اضلاع کی بارہ یونین کونسلز میں 10350 خاندان مستفید ہوں گے۔
تحصیل چاغی گورنمنٹ ہائی اسکول کلی سخی پیر محمد میں مستحق افراد میں رقوم تقسیم کیے جا رہے ہیں جہاں ہر خاندان کے سربراہ کو کیش فار ورک پروگرام کے تحت فی کس 8500 روپے دیئے گئے۔
اس پروگرام کے تحت ان افراد کو رقوم کی ادائیگی کی گئی جن کی روزمرہ معمولات کورونا وائرس کے باعث جاری لاک ڈاؤن سے متاثر ہوئے ہیں۔ ترقی فاؤنڈیشن کی حکام کے مطابق ان رقوم سے خواتین، معذور افراد اور ضعیف و بوڑھے افراد بھی مستفید ہوں گے۔
ترقی فاؤنڈیشن بلوچستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر امجد رشید نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت مستحق افراد میں 26 کروڑ روپے سے زائد رقوم تقسیم کیے جائیں گے۔ دوسری جانب مستحق افراد نے نقد رقوم کی ادائیگی پر ترقی فاؤنڈیشن کے حکام کا شکریہ ادا کیا۔