|

وقتِ اشاعت :   April 19 – 2020

کوئٹہ: ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ عوام کو سستی اشیاء مہیا کی جائے گی جس کے لئے 10 گاڑیوں کا انتظام کیا گیا ہے جس میں سے پانچ گاڑیاں کوئٹہ شہر جبکہ پانچ دیگر ڈسٹرکٹ میں شیڈول کے مطابق جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے موبائل یوٹیلٹی سٹور کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر اس موبائل یوٹیلٹی سٹور کا افتتاح کیا گیا ہے تاکہ جو عوام کورونا کی وجہ سے گھروں میں محصور ہے ان کو سستی اشیاء گھروں پر فراہم کی جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو ان کے گھروں تک اشیائے ضروریات پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت مرحلہ وار مستحقین میں رقوم تقسیم کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان سے آنے والے پاکستانیوں کو ٹیسٹنگ کے بعد کم از کم 24 گھنٹے قرنطینہ میں رکھا جائے گا، پاکستان ریلوے کی آئیسولیشن ٹرینیں کل چمن روانہ ہونگیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس بہت تیزی سے پھیلتا ہے۔

کورونا نے بڑے اور ترقی یافتہ ممالک میں تباہی مچائی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ غیرضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں اگرضرورت کے تحت گھروں سے نکلتے بھی ہیں تو ماسک ضرور پہنیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس کٹھن دور میں عوام کو ریلیف پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔