|

وقتِ اشاعت :   April 20 – 2020

کوئٹہ: بلوچستان کے 10متاثرہ اضلاع میں 56نئے کیسز کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 432ہوگئی ہے،جن میں 284کیسز مقامی افرادکے ہیں،محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق بلوچستان میں 33اضلاع میں سے 10اضلاع میں کورونا وائرس پھیل چکاہے جن میں اب تک 432کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 300افراد کے ٹیسٹ رزلٹس کاانتظار ہے اس کے علاوہ 154افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مقامی سطح پر کوئٹہ میں 223،مستونگ میں مریضوں کی تعداد 14،چاغی میں 11،لورالائی میں 6، جعفرآباد میں 16،خضدار میں 01،خاران میں 02،پشین میں 08، قلعہ عبداللہ میں 5،سبی اور ہرنائی میں ایک،ایک کیس کی تصدیق ہوئی ہے،صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سریاب روڈ14،عالموچوک میں 11،عالمدار روڈ میں 9،سروے روڈ144میں 9، معصوم شاہ اسٹریٹ میں 09اور فقیر آباد میں 14سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ مجموعی طورپر223کیسز کوئٹہ سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹراسپتال کی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ روزمستونگ میں خاتون ڈاکٹر میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مستونگ میں کوروناوائرس کے کیسز کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔ مستونگ ڈی ایچ کیو ہسپتال کے اہلکاروں سمیت 7 افراد کے مزید نمونے ٹیسٹ کیلئے کوئٹہ بجوادئیے گئے ہیں انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس وقت دو مشتبہ افراد ڈی ایچ کیو آئیسولیشن وارڈ میں داخل ہیں۔ڈیرہ اللہ یار میں کورونا وائرس کے مزید 7کیس سامنے آگئے مجموعی تعدادبڑھ کر 20ہو گئی شہر میں لاک ڈاون میں نرمی آنے سے تمام کاروباری مراکز کھل گئے جگہ جگہ لوگوں کا ہجوم ہے۔

محکمہ صحت نے کارروائی کرتے ہوئے6نجی اسپتال سیل کردیئے ڈیرہ اللہ یار میں ایک خاتون سمیت 7افراد کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں جن میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد بھی شامل ہیں جن کے دو روز قبل کورونا وائرس ٹیسٹ کے ذریعے نمونے لیکر کوئٹہ بھجوائے گئے تھے اور انہیں اپنے گھروں میں ہی قرنطینہ کردیا گیا 7افراد کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کی محکمہ صحت جعفرآباد کے حکام نے بھی تصدیق کردی۔

مریضوں کو شیخ زید اسپتال کوئٹہ منتقل کرنے کے لیے تیاریاں مکمل کردی گئی ہیں جبکہ سبی میں تبلیغی جماعت کے دس افراد میں سے ایک رکن عبدالغفور میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے،تبلیغی جماعت کے رکن عبدالغفور کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، تبلیغی جماعت کے دیگر9افراد کے نمونے ٹیسٹ کے لئے بھیجے ہیں ان افراد کے ٹیسٹ رزلٹ کاا نتظار ہے۔

اسٹنٹ کمشنر سبی عنایت اللہ کاسی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ گذشتہ روز ہنگو سے دس رکنی تبلیغی جماعت سبی پہنچا تھا جن کو ضلعی انتظامیہ کے ہدایت پر حفاظتی اقدامات کے تحت قرنطینہ سنٹر میں منتقل کردیاگیا تھا اور ان کے نمونے لیکر ٹیسٹ کے لئے بھجوا دیا گیا تھا جن میں عبدالغفور نامی شخص کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جبکہ دیگر نو افراد کے ٹیسٹ رزلٹ کا انتظار ہے۔

انہوں نے کہا کہ جوبھی افراد عبدالغفور ان کے خاندان یا قریبی ساتھیوں سے ملے ہو وہ اپنے گھروں تک محدود رہے اور دیگر لوگوں سے مل جل سے گریز کریں۔گزشتہ روز صوبائی دارلحکومت کوئٹہ کے 38سے زائد علاقے کورونا وائرس کی لپیٹ میں آگئے جس کی بڑی وجہ عوامی ہجوم ہے، کورونا وائرس کے تیزی سے شہر میں پھیلاؤ کی وجہ سے خوف وہراس پھیل گیا ہے،کورونا وائرس مقامی سطح پر مزید پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیاہے، متاثرہ علاقوں کے علاقہ مکین خوف کا شکار میں مبتلا ہوگئے۔

فقیر آباد کے علاقے میں ایک ہی خاندان کے9 افراد کورونا وائرس کا شکارہوگئے علاقہ مکینوں کاکہناہے کہ کورونا وائرس کا شکار بیشتر افراد آزاد گھوم پھر رہے ہیں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد خاندان کے افراد کو گھر میں قرنطینہ کیا گیا تھا انتظامیہ کی جانب سے نہ تو فقیر آباد کو سیل کیا گیا نہ ہی گھر کے باہر پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔