|

وقتِ اشاعت :   April 21 – 2020

خضدار: خضدار میں روشنائی سوشل آرگنائزیشن(آر ایس او) کے نام سے نئی فلاحی تنظیم قائم کردی گئی، جھالاوان و ملک کے دیگر علاقوں کے سیاسی وسماجی شخصیات،صحافی اور وکلاء نمائندے، پروفیسرز روشنائی سوشل آرگنائزیشن تنظیم کے عہدیدار اور گورننگ باڈی کے حصے ہونگے۔ فلاحی تنظیم کے قیام کا مقصددکھی انسانیت، غریب طبقہ کی داد رسی، تعلیم صحت و دیگر فلاحی کام اور سوشل سرگرمیاں کو اجاگر کرنا۔

آج یہاں خضدار پریس کلب میں نئی فلاحی تنظیم روشنائی سوشل آرگنائزیشن کے چیئرمین میر اشرف علی مینگل،سینئر وائس چیئرمین محمدیونس بلوچ،جنرل سیکریٹری عبدالصمد بروہی،سرپرست اعلیٰ پروفیسر انعااللہ مینگل، لاء سیکریٹری عید محمد ایڈووکیٹ، قاضی حسن علی ساسولی ایڈووکیٹ،مفتی ہدایت اللہ زہری،ڈاکٹر سید محمد شاہ بخاری، میرشفیق الرحمن ساسولی، پروفیسر عبدالواحد،نادر بلوچ و دیگر نے مشترکہ پُر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سوشل تنظیم کانام قیام اور اس کے اغراض و مقاصد کا باقاعدہ اعلان کردیا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بلوچستان کے عوام کی بدحالی، غربت، پسماندگی اور دور افتادہ قصبوں اور بستیوں میں رہائش پذیر افراد کی درماندگی، بچوں کی ناخواندگی، اور علاج کی سہولیات کے فقدان کو دیکھتے ہوئے اس تنظیم کا اعلان کررہے ہیں۔ ہم نے نیک نیتی کے ساتھ اس کارِ خیر کا آغاز کیا ہے اور آج مختلف سیاسی و سماجی نمائندگان، وکلاء وصحافی بردری ایک پلیٹ فارم پر آ کر ایک ہی مقصد و منزل کو لیکرآگے بڑھنا ہے۔

اور انشاء اللہ ہم اس نیک مقصد میں کامیاب ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیشہ وہی اقوام اور قبیلے و طبقے دنیا میں بلند رتبہ حاصل کرتے ہیں جو ایک دوسرے کے معاون بنتے ہیں اپنے مسائل کا حل اپنے وسائل اور ایک دوسرے کے مدد سے کرتے ہیں۔ دکھی و بے سہارا لوگوں کے امداد کرکے معاشرے میں تبدیلی لاتے ہیں۔ہم بھی ان اقوام میں سے ہیں جو سماجی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں۔

ہم نے ایک جذبہ و پختہ ارادے کے ساتھ اس عظیم کام کی طرف قدم بڑھا یاہے کہ اپنے معاشرے کے دکھی بے سہارا لوگوں کا سہارا بنیں اور ان کی خدمت کریں۔ہمارا ادارہ ایسے رضاکاروں پر مشتمل ہے جو کسی تنخواہ معاوضہ اجرت یا کسی مالی فائدے سے بالاتر ہوکر اپنے سماج کی بہتری کے لیے کام کا جذبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی ادارے کے اغراض و مقاصد اسی ادارے کے تعمیر و ترقی میں ہمیشہ بڑی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ اپنے مقاصد کو مدنظر رکھ کر کام کرنا کسی بھی ادارے کے لیے اعزاز کی بات ہوتی ہے۔چنانچہ روشنائی سوشل آرگنائزیشن کے لئے ہم نے جو اغراض و مقاصدمنتخب کیئے ہیں وہ کچھ اس طرح ہونگے۔

عوام الناس میں تعلیمی اہمیت کے بارے میں شعور پیدا کرنا، مستقبل کے معماران کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا اور لائبریریوں کی افادیت اور ان کاقیام عمل میں لانا، ملکی اور بین الاقوامی قوانین کے تحت انسانیت کی خدمت اور ملت کی ترقی کیلئے کام کرنا۔، نوجوانوں میں معاشی، معاشرتی، ثقافتی و اخلاقی تربیت کیلئے تربیتی سرگرمیاں شروع کرنا، سیمینارزمنعقد کرنا اوران کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے اور انہیں کارآمد شہری بنانے کیلئے کام کرنا۔

خواتین، اقلیت، مزدور اور کسانوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرنا، خواتین کے دوران زچگی کے مسائل، دیہی علاقوں میں صحت کے بنیادی مسائل حل کرنے کی کوشش کرنا، قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیناایسے افراد کی داد رسی کرنا۔اس نیک فلاحی کام کو سرانجام دینے کے لیے ہم نے کافی مشاورت، سوچ بچار کے بعد روشنائی سوشل آرگنائزیشن فلاحی تنظیم کا قیام اوراس کے لئے مرکزی کابینہ تشکیل دی ہیں۔

سرپرست اعلیٰ پروفیسر انعام اللہ مینگل چیئرمین میر اشرف علی مینگل سینئر وائس چیئرمین محمد یونس بلوچ وائس چیئرمین حاجانی غلام فاطمہ جنرل سیکرٹری میر عبدالصمد بروہی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مفتی ہدایت اللہ زہری جوائنٹ سیکریٹری نادر مسیح سیکرٹری اطلاعات نادر بلوچ لاء سیکریٹری ایڈووکیٹ عید محمد بندیجو فنانس سیکرٹری ناصر کمال بلوچ آفس سیکریٹری عبدالرزاق ولی مینگل گورننگ باڈی ڈاکٹر سید محمد شاہ بخاری پروفیسر عبدالواحد مینگل قاضی حسن علی ساسولی میر محمد عالم قلندرانی میر شفیق الرحمان ساسولی ہونگے۔پریس کانفرنس میں ناصر کمال، عبدالسلام گرگناڑی، سمیت دیگر شریک تھے۔