|

وقتِ اشاعت :   April 22 – 2020

چین کے شمالی صوبے ہیلونگجیانگ کے دارالخلافہ ہاربن کے بارے میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہاں کورونا وائرس کی وبا وسیع پیمانے پر پھیل سکتی ہے۔ شہر کی آبادی ایک کروڑ بتائی جاتی ہے۔ ملک نے سفر پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے مقامی میڈیا کے حوالے سے خبر دی ہے کہ شہر میں نہ تو ایسی کسی گاڑی کے داخلے کی اجازت ہے جو مقامی طور پر رجسٹرڈ نہیں اور نہ کسی دوسرے علاقے کے مکینوں کو کسی رہائشی علاقے میں جانے کی اجازت ہے۔

شہر میں پہلے ہی چین سے باہر یا پھر چین کے وبا سے متاثرہ علاقے سے آنے والوں کو کہا گیا تھا کہ وہ تہنائی اختیار کریں۔

ہاربن کے روس کے ساتھ فضائی روابط برقرار ہیں اور وہاں منگل کو کورونا وائرس کے سات مصدقہ کیسز سامنے آئے۔ اس کے بعد مقامی منتقلی کے کیسز کی تعداد 52 ہو گئی ہے۔

اس میں صحت یاب اور ہسپتال سے ڈسچارج ہونے والے مریض شامل نہیں ہیں۔

اس کے علاوہ روس سے آنے والے تین مسافر بھی متاثر ہوئے ہیں جبکہ 1400 افراد ایسے ہیں جنھیں کورونا کی علامات ظاہر ہونے پر نگرانی میں رکھا گیا ہے۔

چین نے کورونا وائرس کے 30 نئے کیسز کی تصدیق منگل کو کی تھی۔ ان میں سے 23 بیرونی منتقلی کے کیسز تھے۔

ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 4632 ہے جبکہ مصدقہ کیسز کی تعداد 82788 ہے۔