|

وقتِ اشاعت :   April 27 – 2020

ڈیرہ اللہ یار:  ڈیرہ اللہ یار میں انتظامیہ نے لاک ڈاون میں نرمی کرکے تمام کاروباری مراکز صبح 8 بجے سے شام 4 تک کھلے رکھنے کی اجازت دے دی جبکہ ماہ رمضان میں زخیرہ اندوزی اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے بھی کنٹرول سیل قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ اللہ یار بلال شبیر کے زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ڈیرہ اللہ یار محمد سلیم ڈومکی نائب تحصیلدار امداد حسین مری سبزی فروٹ کمیشن ایجنٹ قصاب یونین و دیگر تاجران کا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاون سے تاجر برادری کو ہونے والے معاشی نقصان اور ماہ رمضان المبارک میں مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کرنے کے معاملات پر غور و فکر کیا گیا۔

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ منگل سے تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز سمیت ہر قسم کی دکانیں صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک کھلیں رہیں گے ذخیرہ اندوزی اور مہنگائی کو قابو کرنے کیساتھ عوام کو ریلیف دینے کے لیے شکایتی سیل بھی قائم کی جائے گی۔

اسسٹنٹ کمشنر بلال شبیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہ رمضان میں ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی کرکے عوام کو لوٹنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی تاجر برادری پرائس کنٹرول کمیٹی کی جاری کردہ نرخ ناموں پر سختی سے عملدرآمد کریں۔

عوام مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کی شکایات شکایتی سیل کو ارسال کریں جس پر فی الفور کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے تاجروں کی دکانیں سیل کرنے کیساتھ ان پر جرمانہ بھی کیا جائیگا جبکہ میونسپل کمیٹی کے چیف آفیسر اور نائب تحصیلدار روزانہ کی بنا پر شہر بھر میں اشیاء خوردونوش پھل سبزیوں اور گوشت کی قیمتوں کا جائزہ لیں گے اور قصاب خانوں میں صفائی ستھرائی اور دیگر کاروباری مراکز اور دکانوں پر کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے حکومتی ایس او پیز پر بھی عملدرآمد کو یقینی بنانے میں اپنے فرائض انجام دیں گے۔