|

وقتِ اشاعت :   May 3 – 2020

کراچی: پاکستان رینجرز سندھ نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ایس آئی یو ٹیم کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اغوا برائے تاوان کی واردات میں ملوث ایک گینگ کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ کو رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر اطلاع موصول ہوئی کہ محمود آباد کے علاقے سے کچھ نامعلوم افراد نے خود کو انٹیلی جنس ایجنسی کے اہلکار ظاہر کر تے ہوئے غلام شبیر نامی شخص کو ڈبل کیبن گاڑی میں اغوا کر لیا ہے۔

دودن کے بعد اغوا کنندگان نے غلام شبیر کے رشتہ داروں سے فون پر رابطہ کیا اور انٹیلی جنس ایجنسی کے جعلی میجر اسفند یا رکے نام سے اپنا تعارف کر وایا اور جعلی میجر اسفند یا رنے غلام شبیر کی فیملی سے ملاقات کی اور رہائی کے عوض مبلغ 5 کروڑ روپے تا وان کی ڈیمانڈ کی اور فیملی کو رینجرز اور پولیس سے رابطہ کرنے کی صورت میں مغوی کی جان کو نقصان پہنچانے کی دھمکیاں بھی دیں۔

پاکستان رینجرز سندھ نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پرایس آئی یو کی ٹیم کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مغوی غلام شبیر کو با حفاظت بازیاب کروالیا، کارروائی کے دوران 4 ملزمان احمد شاہ عرف میجر اسفند یار عرف ارسلان، محمد ارشد، خرم وارث عرف بٹ اورشاہد خان عرف مٹھاکو گرفتار کرلیا۔ ملزم احمد شاہ عرف میجر جبکہ ملزم شاہد خان عرف مٹھا، مغوی غلام شبیر کا بہوئی ہے۔

ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشا ف کیا ہے کہ وہ اپنے آپ کو ان وارداتوں کے لیے ایکسائز، نیب، انٹیلی جنس بیورو اور دیگر انٹیلی جنس اداروں کے افسران کے طور پرمتعارف کرواتے تھے۔ گینگ کے سرغنہ احمد شاہ عرف میجر اسفند یار عرف ارسلان اور دوسرے گرفتار اغوا کنندگان سے مزید انکشافات کی توقع ہے، جبکہ گینگ کے دومفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ رینجرز نے گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔