کوئٹہ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پشتونخوا ہ پولیس نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہے میں شہداء اور ان کے خاندانوں کو سلام پیش کرتا ہوں اللہ تعالیٰ نے سورت رحمن میں جن چیزوں کی نشاندہی کی ہے وہ تمام چیزیں بلوچستان اور ہمارے ملک میں موجود ہیں یہاں کے لوگ بھی اسی طرح محبت کرنے والے مخلص اور خوبصورت ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایڈیشنل آئی جی پولیس کوئٹہ کے دفتر میں پولیس کے شہداء کے خاندانوں میں راشن اور بچوں میں گفٹ تقسیم کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان اکرم نعیم بھروکا اور ایڈیشنل آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ ایس ایس پی آپریشن طارق الہی مستوئی اور دیگرحکام بھی موجود تھے۔
شاید خان افرید ی نے کہا کہ میں نے کراچی سے بذریعہ سڑک بلوچستان کے علاقوں کا سفر کیا ہے اور اس صوبے کو بہت ہی خوبصورت پایا ہے اگر بلوچستان کے عوام کی حالت کی بہتری کے لئے تھوڑے سے وسائل خرچ کئے جائیں تو یہ صوبہ پورے ملک کی سلامتی اور ترقی کے لئے قیامت تک سلامت رہے گا اور پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے نیک نیتی اور حقیقی نمائندوں کی ضرورت ہے حکومت اداروں کو چلانے کے لئے پروفیشنل اور ٹیکنیکل لوگوں کی ضرورت ہے جو ان معاملات کو بہتر طور پر چلائیں۔
انہوں نے کہا کہ میں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گیا ہوں یہاں کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ا ن کے شوق کو دیکھتے ہوئے یہاں پر کرکٹ اکیڈمی اور بچوں کے لئے کچھ اقدامات کرنا چاہتا ہوں ایڈیشنل ائی جی پولیس اکرم نعیم بھروکا نے نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح شاہد خان آفریدی نے کرکٹ میں پوری دنیا میں اپنا اور پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔
اب وہ فلاحی کاموں میں عوام کی خدمت کے جذبے سے لوگوں کی مدد کررہے ہیں اور انہوں نے کرونا وائرس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں ملک بھر کی طرح بلوچستان کے غریب لوگوں کو نہیں بھولے اور اس میں بلوچستان پولیس کے شہداء اور ان کے خاندانوں کو بھی یاد رکھا جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
تقریب سے ایڈیشنل آئی جی و آر پی او عبدالرزاق چیمہ نے کہا کہ شاہد خان آفریدی نے جس طرح کرکٹ میں اپنا روشن کرکے اپنی پہچان بنائی ہے آج دنیا بھر میں ان کو ایک کرکٹر کے طور پر جانا جاتا ہے انہوں نے اس شہرت کے بعد عوام کی خدمت کے جذبے سے غریب لوگوں کی مدد کا جو بیڑا اٹھایا ہے وہ قابل تحسین ہے انہوں نے اس مشکل صورتحال میں پہلے خضدار، مستونگ، پشین، زیارت، کوئٹہ اور اب بلوچستان پولیس کے شہداء کے خاندانوں میں راشن اور بچوں میں گفٹ تقسیم کئے ہیں جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں اس موقع پر پولیس کے شہداء کے 35 خاندانوں اور بچوں میں راشن اور گفٹ تقسیم کئے۔