کراچی: سندھ بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران ایک روز میں سب سے زیادہ 14 افراد کورونا سے جاں بحق ہوگئے جب کہ کراچی سے سب سے زیادہ 335 کیسز رپورٹ ہوئے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں کورونا کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 24 گھنٹوں میں کورونا کےمزید 3534 ٹیسٹ کیےگئے جس کے بعد اب تک 76078 ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ آج کورونا کے مزید 453 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 14 اموات بھی ہوئی ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 9093 اور ہلاکتیں 171 ہوگئی ہیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 453 نئے کیسز میں 335کیسز کا تعلق کراچی سے ہے جہاں ضلع وسطی میں 91 ، شرقی 69 ، ملیر 33، جنوبی 81، کورنگی 33 اور غربی میں 28 کیسز رپورٹ ہوئے۔
سندھ کے دیگر اضلاع میں لاڑکانہ 35، خیرپور 16، سکھر 12، حیدرآباد 9، کشمور 8 اور سانگھڑ میں 3 مزید کیسز رپورٹ ہوئے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ مزید 122 مریض صحتیاب ہوکر اپنے گھروں کو چلے گئے ہیں جس کے بعد صحتیاب ہونے والوں کی کل تعداد 1853 ہے جو کل مریضوں کا 20.4 فیصد ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 19 مارچ کو کورونا کے باعث پہلی موت ہوئی تھی، 29 اپریل کو سب سے زیادہ 12 اموات رپورٹ ہوئیں لیکن آج 7 مئی کو سب سے زیادہ 14 اموات ہوئی ہیں، یہ بہت دکھ کی بات ہے اور میرا دل بوجھل ہے۔