|

وقتِ اشاعت :   May 9 – 2020

امریکی نائب صدر مائیک پنس کی پریس سیکریٹری کیٹی ملر کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا جس کی تصدیق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کردی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی نائب صدر مائیک پنس کی پریس سیکریٹری کیٹی ملر کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا جس کی تصدیق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کردی ہے۔ وائٹ ہاؤس میں ری پبلکن پارٹی کے اراکین کانگریس سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کیٹی ملر بہت ہی اچھی خاتون ہیں، ان کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ متاثرہ خاتون کی ان سے ملاقات نہیں ہوئی لیکن نائب صدر مائیک پنس سے مریضہ کی حال ہی میں ملاقاتیں رہی ہیں۔

ذرائع  کے مطابق متاثرہ خاتون کیٹی ملر امریکی صدر کے سینئر مشیر اسٹیفن ملر کی اہلیہ ہیں۔

واضح  رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ کام کرنے والے شخص میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی تھی جو کہ وائٹ ہاؤس میں ملازم اور نیوی کا اہلکار ہے۔